
امجد شریف کی کتاب "خواب ابھی باقی ہے" پر تبصرہ
برادرم امجد شریف نے بڑی محبت سے کتاب مجھ تک پہنچانے کا اہتمام کیا۔ تجسّس یہ تھا کہ امجد شریف کا کون سا خواب ابھی باقی ہے۔ نظر کتاب کے سرورق پر گئی تو بڑی حد تک جواب مل چکا تھا۔ تاہم سرورق پلٹا اور آگے بڑھتا گیا۔ کتاب کو انھوں نے اپنے استاد محترم سید شبیر احمد شاہ صاحب سے منسوب کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ:
کورس تو لفظ ہی سکھاتے ہیں
آدمی آدمی بناتے ہیں
ایک خواب تو سمجھ میں آ گیا تھا، جس کی تفصیل ’کشمیریات‘ کے سیکشن میں انھوں نے کھل کر بیان کر دی ہے۔ کشمیر کے بارے میں انھوں نے کشمیری قیادت سے بہت سے بے لاگ سوال کیے ہیں۔ ان کے نقطہ نظر سے اتفاق یا اختلاف کی آپ کوئی بھی وجہ تلاش کر سکتے ہیں، لیکن امجد شریف کے اخلاص پر شاید سوال نہیں بنتا۔ یہی وہ کرب اور درد مندی ہے، جسے وہ پوری کتاب میں لے کر چلے ہیں۔
مجھے لگتا ہے، ’غلامی جب عادت بن جاتی ہے‘ ان کے اپنے ہی سوالات کے کئی جوابات میں سے ایک ہے۔ ’شخصیات‘ کا سیکشن ان کے پیاروں کے تذکروں پر مشتمل ہے۔ ذکر ابا جی اور ان کے حجرے سے جڑی یادوں کا ہو، تین جون کے پچھتاووں کا، سید منور حسن مرحوم و مغفور کا ہو یا شاہد اختر مرحوم، امجد سرور شہید اور عامر حفیظ شہید کا، صوفی عزیز مرحوم کی یادیں ہوں یا پروفیسر الیف الدین ترابی مرحوم کی بات ہو، جتنے بھی رخصت ہونے والوں کا تذکرہ امجد شریف نے کیا سب ہی میں ایک بات مشترک نظر آئی ۔۔۔ کردار کی عظمت! ایک خواب کا تذکرہ میں شروع میں کر چکا ہوں۔ امجد شریف کی کتاب سے ایک اور خواب جو میں نے کشید کیا ہے، یہ کہ وہ اپنے ارد گرد جابجا بکھری ہوئی معاشرتی ناہمواریوں، ظلم اور نا انصافی سے پاک خوب صورت، محبت کے جذبوں سے لبریز پر امن معاشرہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاید اسی لیے انھوں نے محترمہ نسیم سلیمان، عمران عزیز اور سعید عزیز جیسے کرداروں کو نمایاں کر کے دکھانے کی کوشش کی ہے۔ جناب سردار اعجاز افضل خان سے انسیت اور عقیدت کا بھی انھوں نے دل کھول کر اظہار کیا ہے، جس کے وہ بجا طور پر مستحق ہیں۔ ’سماجیات‘ کے سیکشن میں امجد شریف نے تعلیم و تربیت اور بہت سے اہم سماجی مسائل پر عمدہ تجاویز دی ہیں۔ ’بین الاقوامی‘ سیکشن بھی خوب ہے۔
البتہ ’متفرق‘ مضامین میں ’میری پہلی محبت‘ نے فوراً ہی توجہ کھینچ لی۔ اس لیے کہ امجد شریف کی، میری اور ہم جیسے اپنے دور کے بے شمار نوجوانوں کی پہلی محبت ایک ہی ہے۔ ہاں، وہ محبت اسلامی جمعیت طلبہ ہے۔ امجد نے سچ لکھا ہے کہ ”خواب سے حقیقت کے اس سفر میں، سب کے لیے اس کی پہلی محبت ناقابل فراموش احساس ہوتی ہے۔ یہ چاہتے ہوئے بھی یاد سے مٹائی نہیں جا سکتی۔“ ان کی دوسری محبت کے اشارے جابجا کتاب میں ملتے ہیں۔ نجانے کیوں انھوں نے اپنی تیسری محبت کا ذکر نہیں کیا۔
کیا خبر اور بھی ہوں! خیر، یہ جملہ معترضہ تھا، اسے صرف شرارت سمجھیں۔ مختصر یہ کہ ’خواب ابھی باقی ہے‘ امجد شریف کی ایسی کاوش ہے جو بیک وقت درد دل ہے، معاشرے کی بلیک اینڈ وہائٹ تصویر ہے اور تاریخ بھی۔ اسے ضرور پڑھیں۔
یہ بھی پڑھیں: اشکوں کے دیے — نسیم سلیمان کی کتاب پر تبصرہ
مزید جانیں: کشمیر



