
نسیم سلیمان کی کتاب "دیپ بکھری یادوں کے" پر تبصرہ
کہنے کو یہ بکھری یادیں ہیں، لیکن ان بکھری یادوں نے بہت سے غیر مرئی نقطوں کو آپس میں جوڑ دیا ہے۔ کھری اور سچی، تصنع سے پاک، اپنی مٹی کی سوندھی خوشبو میں رچی ہوئی یادیں۔ ان سے کون جڑنا نہیں چاہے گا۔ آج صبح کتاب موصول ہوئی تو اپنے کام کو ایک طرف رکھا۔ ایک ہی نشست میں ایسے پڑھ ڈالی کہ وقت کا پتہ ہی نہ چلا۔ تکنیکی تبصرہ تو میرے بس کی بات نہیں، لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ ”دیپ بکھری یادوں کے“ دل کی آنکھ سے پڑھنے کے قابل ہے۔ نسیم سلیمان کی یہ کتاب ہر اس قاری کے لیے ہے، جو اپنی ثقافت اور تہذیبی ورثے سے محبت کرتا ہے۔ کتاب اگرچہ راولاکوٹ اور ضلع پونچھ کے لوگوں، خوب صورت مقامات اور ان سے بندھی یادوں کا احاطہ کرتی ہے، لیکن ان میں نسیم سلیمان کا درد دل جا بجا قاری کے دل میں کچوکے لگاتا ہے۔ مصنفہ نے سچے، پر خلوص اور لالچ سے پاک رشتوں کو اتنی محبت سے بیان کیا ہے جیسے ککو، جیری لالہ، بے، اور چاچی جیسے کردار یہیں ہمارے آس پاس ہوں۔ جی چاہتا ہے ”بے“ ایک بار پھر واپس آ جائیں اور ہم ان کی گود میں سر رکھ کر دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو جائیں۔ نسیم سلیمان نے پونچھ کے کئی خوب صورت مقامات کا ذکر کیا ہے۔ دیوی گلی، کہراٹا پار، دو چھمبری، سری دیوی مندر، تتہ پانی اور ڈنہ پوٹھی میراں جیسی قدرتی حسن سے مالا مال جگہیں واقعی بے مثال ہیں۔ کتاب میں بکھری یادیں تو ہیں ہی، لیکن آج کے ڈیجیٹل دور کے لوگوں کے لیے سیکھنے کی بہت سی باتیں ہیں۔ خاص طور پر یہ کہ ہم جہاں کہیں بھی ہوں، اپنی روٹس کے ساتھ تعلق برقرار رکھیں، رشتوں کی مٹھاس کو محسوس کریں، انھیں غنیمت جانیں، اپنی دھرتی کی خوب صورتی کی قدر کریں اور دوسروں کے لیے جو ہو سکے کرنے کی کوشش کریں۔ نسیم سلیمان، ہم محسوس کر رہے ہیں کہ آپ نے بکھری یادوں کے دیپ دل کی روشنی سے جلائے ہیں، اسی لیے ہم دل سے ان کی قدر کرتے ہیں۔ آپ کے لیے بہت سی دعائیں!
یہ بھی پڑھیں: بہاولپور میں اجنبی — مظہر اقبال مظہر کی کتاب پر تبصرہ
مزید جانیں: راولاکوٹ



