
تنقید بوجھ نہیں، مفت کا مشورہ ہے — اسے سنیں، پرکھیں اور خود کو بہتر بنائیں
سچ پوچھیں تو تنقید سے ہر کسی کو کوفت ہوتی ہے۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ بس ہماری تعریف ہو، واہ واہ ہو، اور کوئی ہماری غلطی نہ نکالے۔ لیکن ذرا سوچیں، اگر دنیا میں ہر کوئی صرف ”واہ واہ“ ہی کرتا رہے، تو ہمیں اپنی خامیوں کا پتا کیسے چلے گا؟ آئینہ کبھی جھوٹ نہیں بولتا، مگر ہم اکثر آئینے سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ تنقید بھی ایک طرح کا آئینہ ہے — فرق صرف یہ ہے کہ یہ آئینہ ہمیں دوسروں کی آنکھوں سے دکھائی دیتا ہے، اور اسی لیے اسے دیکھنا مشکل لگتا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے ایک نوجوان استاد مجھ سے ملنے آیا۔ اس نے بڑے شوق سے اپنی پہلی ملازمت شروع کی تھی، مگر چند ہفتوں میں ہی دل برداشتہ ہو گیا۔ وجہ؟ اس کے ہیڈ نے اس کے پڑھانے کے انداز پر تنقید کی تھی — ”تم بچوں کو بور کر دیتے ہو، تمہاری آواز میں جوش نہیں۔“ نوجوان کا کہنا تھا: ”سر، میں نے اتنی محنت سے تیاری کی تھی، اور بدلے میں یہ سننے کو ملا۔ دل چاہتا ہے نوکری چھوڑ دوں۔“ میں نے اس سے صرف ایک سوال پوچھا: ”کیا ہیڈ کی بات میں کچھ سچائی بھی ہے؟“ وہ لمحہ بھر خاموش رہا، پھر آہستہ سے بولا: ”شاید… کچھ ہے۔“ بس یہی وہ لمحہ تھا جہاں سے اس کی بہتری شروع ہوئی۔ چھ مہینے بعد وہی نوجوان اپنے اسکول کے مقبول اساتذہ میں شمار ہوتا تھا — اور اس کی پہلی شکریے کی بات اسی ہیڈ کے لیے تھی جس کی تنقید نے اسے رُلا دیا تھا۔
جب بھی آپ زندگی میں کچھ نیا کرنے لگتے ہیں یا ذرا سا آگے بڑھتے ہیں، تو لوگ باتیں بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ یہ انسانی فطرت ہے، اور اس سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں۔ اب یہاں دو راستے ہوتے ہیں؛ یا تو آپ دل چھوٹا کر کے بیٹھ جائیں کہ ”لوگ کیا کہیں گے“، یا پھر انہی باتوں کو اپنی طاقت بنا لیں۔ پہلا راستہ آسان ہے مگر منزل سے دور لے جاتا ہے؛ دوسرا راستہ مشکل ہے مگر یہی راستہ اوپر کی طرف جاتا ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی تنقید آپ کا راستہ روکنے کے بجائے آپ کو اور اوپر لے جائے، تو بس چند چھوٹی چھوٹی باتیں پلے باندھ لیں:
پہلی بات: فوراً تپ نہ جائیں
جب کوئی ہماری کسی بات یا کام میں کیڑے نکالتا ہے، تو ہمارا پہلا ردِعمل یہی ہوتا ہے کہ ہم فوراً صفائیاں دینے لگتے ہیں یا غصے میں آ جاتے ہیں۔ یاد رکھیں، غصے کی حالت میں کہی گئی بات اکثر وہ بات نہیں ہوتی جو ہم ٹھنڈے دل سے کہتے۔ بس اس وقت خود کو تھوڑا سا روک لیں۔ لمبی سانس لیں اور سامنے والے کی بات پوری ہونے دیں۔ اور اگر بات لکھی ہوئی ہے — کوئی تبصرہ، کوئی پیغام — تو جواب فوراً نہ لکھیں؛ کچھ دیر، ہو سکے تو ایک رات گزرنے دیں۔ ٹھنڈے دماغ سے سنیں گے تو آدھا مسئلہ وہیں حل ہو جائے گا۔
دوسری بات: تھوڑی سی چھان بین کریں
ہر تنقید کرنے والا آپ کا دشمن نہیں ہوتا — اور سچ یہ ہے کہ ہر تعریف کرنے والا آپ کا دوست بھی نہیں ہوتا۔ اگر کوئی مخلص دوست، گھر کا بڑا یا کوئی سمجھدار انسان آپ کو ٹوکتا ہے، تو سمجھ جائیں کہ اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے۔ استاد کی ڈانٹ، والدین کی روک ٹوک اور مخلص دوست کی تلخ بات — یہ سب اصل میں محبت ہی کی شکلیں ہیں۔ ہاں، اگر کوئی محض جلن یا حسد میں آ کر صرف آپ کا دل دکھانے کے لیے بات کر رہا ہے، تو ایک کان سے سنیں اور دوسرے سے نکال دیں۔ ہر کسی کی بات کو دل پر لینا ضروری نہیں۔ جوہری سونے کو پرکھتا ہے اور مٹی کو پھینک دیتا ہے؛ آپ کو بھی یہی کرنا ہے — کون سی بات سونا ہے اور کون سی محض مٹی، یہ فرق کرنا سیکھیں۔
تیسری بات: اپنی ’میں‘ کو ذرا سائیڈ پر رکھیں
یہ سب سے ضروری بات ہے۔ کئی بار سامنے والے کا لہجہ کڑوا ہوتا ہے، لیکن اس کی بات میں دم ہوتا ہے۔ دوا اکثر کڑوی ہوتی ہے، مگر شفا اسی میں ہوتی ہے۔ اگر آپ کو لگے کہ اس کی بات میں واقعی کوئی سچائی ہے اور آپ کے کام میں واقعی بہتری کی گنجائش ہے، تو مان لینے میں کوئی حرج نہیں۔ اپنی غلطی مان کر اسے ٹھیک کر لینا ہی اصل سمجھداری ہے۔ اور یقین کریں، غلطی ماننے سے انسان چھوٹا نہیں ہوتا، بڑا ہوتا ہے۔ لوگ اس شخص کی عزت زیادہ کرتے ہیں جو اپنی خامی تسلیم کر کے اسے دور کر لے، بہ نسبت اس کے جو ہر بات پر ضد کرے اور ہر تنقید کو اپنی انا کا مسئلہ بنا لے۔
چوتھی بات: باتوں کا جواب باتوں سے نہ دیں
بحث میں پڑ کر اپنا وقت اور توانائی ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ کامیاب لوگوں نے ہمیشہ اپنے ناقدین کو جواب زبان سے نہیں، اپنے کام سے دیا ہے۔ چپ چاپ اپنی خامیوں کو دور کریں اور محنت جاری رکھیں۔ یقین مانیں، جس دن آپ کامیاب ہو گئے، یہی تنقید کرنے والے لوگ آپ کی مثالیں دیتے پھریں گے۔
آج کے دور میں تنقید کی ایک نئی شکل بھی سامنے آئی ہے — سوشل میڈیا کی تنقید۔ اب ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل ہے اور ہر رائے چند لمحوں میں آپ تک پہنچ جاتی ہے۔ بعض اوقات انجان لوگ، جن کا نہ آپ سے کوئی واسطہ ہے نہ آپ کے حالات کا علم، ایسی باتیں کہہ دیتے ہیں جو دن بھر دل میں گونجتی رہتی ہیں۔ ایسے میں اصول وہی پرانا ہے: وزن بات کا دیکھیں، شور مچانے والے کا شور نہ دیکھیں۔ جس رائے میں آپ کی بہتری کا کوئی نکتہ ہو، اسے رکھ لیں؛ باقی کو ایسے گزر جانے دیں جیسے راستے کا شور۔ اپنا دل ان آوازوں کے حوالے نہ کریں جن کا آپ کی زندگی میں کوئی حصہ ہی نہیں۔
ہمارے بزرگوں نے اس فن کو خوب سمجھا تھا۔ حضرت عمر فاروقؓ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ فرمایا کرتے تھے: ”اللہ اس شخص پر رحم کرے جو مجھے میرے عیب تحفے میں دے۔“ ذرا غور کریں — عیب بتانے والے کو بددعا نہیں، دعا دی جا رہی ہے، اور عیب کو نقص نہیں، تحفہ کہا جا رہا ہے۔ جس معاشرے میں عیب بتانا تحفہ سمجھا جائے اور سننے والا اس پر شکر گزار ہو، وہاں ترقی کیوں نہ ہو؟
سیدھی سی بات ہے؛ پتھر اسی درخت کو پڑتے ہیں جس پر پھل لگے ہوں۔ جس درخت پر پھل ہی نہ ہوں، اس کی طرف کوئی دیکھتا بھی نہیں۔ تو اگر آپ پر باتیں بن رہی ہیں تو سمجھیں کہ آپ کچھ کر رہے ہیں، آگے بڑھ رہے ہیں۔ تنقید کو اپنے لیے بوجھ نہ بنائیں، بلکہ اسے ایک مفت کا مشورہ سمجھیں اور خود کو بہتر بناتے چلے جائیں۔ کیونکہ آخر میں جیت اسی کی ہوتی ہے جو سنتا ہے، سیکھتا ہے، اور خاموشی سے آگے بڑھتا رہتا ہے۔
جمیل احمد
یہ بھی پڑھیں: لوگ کیا کہیں گے؟
مزید جانیں: How to Handle Criticism Without Taking It Personally
