Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

کیمسٹرئ

کیمسٹری

مسعود احمد ملک کی ہلکی پھلکی تحریر

کیمسٹری سائنس کی ایک شاخ ہے جو عناصر اور مرکبات  کی ساخت کی خصوصیات  کے متعلق بتاتی ہے، اور یہ کہ وہ کس طرح تبدیل ہوتی ہیں اور ان کے تبدیل ہونے سے توانائی کیسے  جذب یا خارج ہوتی ہے۔دوسرے الفاظ میں کیمسٹری  قدرتی سائنس کی ایک شاخ ہے جو  بنیادی طور پر مادہ کے خواص، ان کے تبدیلیوں سے گزرنے اور ان تبدیلیوں سے متعلق قوانینِ قدرت سے آگاہی کا نام ہے۔  

ہمارے سمجھنے کے لیے یوں کہہ لیتے ہیں کہ کیاٹ میں ذوالفقار بھائی  کے دولت خانے پرجمیل بھائی کے لیے دیگر کھانوں کے ساتھ خصوصی طور پر کڑھی پکائی جاتی ہے۔ کڑھی چولہے  پر چڑھنے سے قبل کچھ اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے۔ چولہے پر چڑھتے وقت یہ اجزاء  مرکب کی شکل اختیار کر لیتے ہیں  اور اُبل اُبل کر پکتے ہوئے یہ مرکب  بہت سی تبدیلیوں سے گزرتا ہے اور آخر میں لذیذ اور مزیدار کڑھی تیار ہوتی ہے۔ بس یہ سارا عمل ہی کیمسٹری ہے.

بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ اس کے بعد دسترخوان پر بیٹھ کر جمیل بھائی تازہ تازہ گرم روٹی کے ساتھ اس کا نوالہ بنا کر اپنے منہ میں لیتے ہیں۔ اب اس نوالہ کے  منہ میں لینے سے لے کر، دانتوں سے چبانے، حلق سے نگلنے اور معدے میں ہضم ہونے تک اور پھر جسم میں توانائی اختیار کرنے تک کے تمام مراحل بھی کیمسٹری ہی کہلاتے ہیں۔ اور پھر یہ توانائی حاصل کرنے کے بعد ذوالفقار بھائی آرام سے اپنے موبائل پر سرگرم ہوتے ہوئے لکھتے ہیں کہ میں نے کیمسٹری پڑھنے سے کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں کیا۔۔

البتہ جمیل بھائی اور ذوالفقار بھائی کے مزے لے لے کر کڑھی کھانے کا منظر دیکھ کر یا سُن کر یہاں بہت دور بیٹھے ہمیں جن کیمیائی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے اسے ” ساڑ ” کہتے ہیں، جسے بقول شاعر خالد مسعود وضاحت نہیں کیا جا سکتا صرف دیکھا جا سکتا ہے۔

زندگی کیا ہے؟عناصر میں ظہور ترتیب

موت کیا ہے؟  انہی اجزاء کا پریشاں ہونا

کیمسٹری کے نام  کو لفظ الکیمی سے لیا گیا ہے جو یورپ کی مختلف زبانوں میں مختلف شکلوں میں پایا جاتا ہے، جبکہ لفظ الکیمی(Alchemy)عربی لفظ الکیمیاء سے ماخوذ ہے.

انٹونی لیوئیسرAntoine Lavoisier))کو کیمسٹری اور جدید کیمسٹری کا باپ کہا جاتا ہے جس نے آکسیجن کو دریافت کیا اور  اسے ایک عنصر کی حیثیت میں 1778 میں آکسیجن کا نام دیا ،جبکہ ہائیڈروجن کی ایک عنصر کے طور پر پہچان کراتے ہوئے 1783میں اسے ہائیڈروجن کا نام دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قصہ ہماری شادی کا

کیمیکل ایک یا ایک سے زائد عناصرسے  بندھے ہوتے ہیں۔  ہمارے  روز مرّہ استعمال کے چند مشہور کیمیکلز میں پانی، نمک، کاربن ڈائی آکسائڈ، ہائیڈروجن، ڈی این اے اور خون (Heamoglobin)شامل ہیں۔

سلفیورک ایسڈ ( Sulphuric Acid) کو کیمیکلز  کا بادشاہ  اور  بینزین (Benzene) کو کیمیکلز کی ملکہ کے طور پرجانا جاتا ہے۔

ہماری خوراک،  تن کے کپڑوں،  پناہ گاہ،  صاف ہوا،  پانی،  مٹی اور  توانائی جیسی نہایت اہم ضروریات  اسی کیمسٹری ہی کی بدولت ہیں،اور آئے روز کی کیمیکل ٹیکنالوجی میں افزودگی ہماری زندگی کے معیار کو بڑھاتے ہوئے ہماری صحت اور توانائی کیساتھ ساتھ کئی مسائل کے حل میں معاون بنتی ہے۔

ہمارے  روزانہ کے معمولات میں سونے جاگنے سے لے کر کھانا پکانے،  نہانے،  گاڑی صاف کرنے،  ہنسنے،  رونے تک کے تمام مراحل کسی نہ کسی کیمیائی عمل کا ہی نتیجہ ہوتے ہیں۔

ہمارا جسم ایک دلکش جگہ ہے جس میں 18.5فی صد  کاربن  اور  65فی صد آکسیجن جیسے دو نہایت لازمی عناصر کیساتھ3.2فی صد نائٹروجن، 1.3فی صد فاسفورس،   9.5فی صد ہائیڈروجن،1.5فی صد   کیلشیم،   0.35فی صد پوٹاشیم، 0.25فی صد سلفر، 0.05فی صد میگنیشیم 0.05فی صد سوڈیم، اور  0.006فی صد آئرن  موجود ہیں.

جب کبھی آپ خوش ہوتے ہیں،  یا رنجیدہ ہوتے ہیں،  پرجوش ہوتے ہیں،  یا  سٹریس میں ہوتے ہیں تو آپ کے جسم میں کئی قسم کے کیمیکل ریکشن ہو رہے ہوتے ہیں جو  ایک کیمیکل پیغام رساں  نیورو ٹرانسمیٹرneurotransmitters کے ذریعے دماغ سے آتے ہیں جس کی وجہ سے آپ پر یہ تمام کیفیات طاری ہوتی ہیں۔

پودے اپنی خوراک آپ photosynthesis کے ذریعے پیدا کرتے ہیں جو بذات خود ایک پیچیدہ کیمیکل  ری ایکشن ہے۔

کبھی سوچا کہ پیاز  چھیلتے اور کاٹتے وقت آنسو کیوں نکلتے ہیں؟  یہ بھی کیمیکل ری ایکشن ہی کا نتیجہ ہے۔جیسے ہی آپ پیاز  کاٹتے ہیں، تو  امائینو ایسڈ  اور  سلفاکسائیڈ  سے  سلفینک ایسڈ بنتا ہے جو ایک گیس   propanethiol S-oxide کا باعث بنتا ہے اور یہی آپ کی آنکھوں سے آنسو نکالنے کی وجہ بنتا ہے۔

آپ نے  مخلف مرتبانوں پر باہر لگے لیبل پر کیمیکلز کی لسٹ پڑھی ہو گی، یہ سب کے سب خوراک کے محافظ کہلاتے ہیں جو اس خوراک کو اس مرتبان میں ایک لمبے  عرصہ تک خراب نہیں ہونے دیتے۔

آخری لیکن اہم بات یہ ہے کہ اپنی زندگیاں ربّ العزّت کی اطاعت اور نبی کریم صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کی فرمانبرداری میں گزارنے کے لیے ہمیں  جو ہدایات ملی ہیں وہ  ایک بہترین  نسخہ کیمیاء ہے۔

اتر کر حراء سے سوئے قوم آیا۔۔۔۔۔۔ اور اک نسخہ کیمیاء ساتھ لایا

One Response

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

زیادہ پڑھی جانے والی پوسٹس

اشتراک کریں

Facebook
Pinterest
LinkedIn
WhatsApp
Telegram
Print
Email