جمیل احمد
بہت سے طالب علم ہیں جو اس بارے میں الجھن میں مبتلا رہتے ہیں کہ کون سی ڈگری، کون سی یونیورسٹی اور کس کیریئر کا انتخاب کرنا ہے۔ لہٰذا، اگر آپ بھی ایسے ہی طلباء میں سے ایک ہیں جو نہیں جانتے کہ اپنی زندگی میں کیا کرنا ہے اور کون سا کیریئر منتخب کرنا ہے تو یہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ آپ کو کیرئیر کاؤنسلر سے مشاورت کی ضرورت ہے۔
اگر آپ کو ان پانچ الجھنوں میں سے کسی ایک کا سامنا ہے، تو آپ کو کیریئر کاؤنسلر کی مدد کی ضرورت ہے:
1۔جب آپ اپنے مقصد سے بے خبر ہوں
زندگی کے ابتدائی مرحلے میں ہی اپنے مقصد کا تعین ہر بچے کے لیے بہت ضروری ہے۔ خود اعتمادی کی کمی اورکیرئیر کے بے شمار آپشنز کی وجہ سے، بہت سے بچے اپنے کیریئر کا تعین کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ دوسروں کی دیکھا دیکھی کیریئرکا انتخاب کرتے ہیں اور اپنی صحیح منزل سے دور ہو جاتے ہیں۔ لہذا، اگر آپ کو اپنے مقصد کے بارے میں الجھن درپیش ہے، اورآپ یہ فیصلہ نہیں کر پا رہے کہ کون سی ڈگری اور کالج منتخب کرنا ہے تو آپ کو جلد از جلد ایک کیریئر کاؤنسلر سے مشاورت کرنی چاہیے۔ ایک کیریئر کاؤنسلر آپ کی شخصیت کا جائزہ لے کرآپ کو اپنی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کے مطابق کیریئرتلاش کرنے میں مدد دے گا اور پھر اس تک پہنچنے کے لیے آپ کی رہنمائی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میٹرک کے بعد مضامین کا انتخاب کیسے کریں؟
2۔آپ کے پاس ٹیلنٹ ہے لیکن آپ کسی ایک چیز پر توجہ مرکوز نہیں کر سکتے
بہت سے ایسے بچے ہوتے ہیں جن کے پاس زبردست ٹیلنٹ ہے لیکن وہ زیادہ دیر تک کسی ایک چیز پر توجہ نہیں دے سکتے۔ یہ بچوں کے سب سے زیادہ عام مسائل میں سے ایک ہے، جو بچے کی تخلیقی صلاحیتوں کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے اور ٹیلنٹ ہونے کے باوجود بچے کو اوسط درجے پر لا کھڑا کر سکتا ہے۔ ہر بچے میں کوئی نہ کوئی ٹیلنٹ ہوتا ہے لیکن وہ نہیں جانتے کہ اسے بہتر مستقبل کے لیے کیسے استعمال کیا جائے ۔بعض اوقات جو لوگ ان کے ٹیلنٹ سے باخبر ہوتے ہیں، وہ کسی وجہ سے بروقت ان کی رہنمائی نہیں کر پاتے؛ یوں بچہ اپنے ٹیلنٹ کے مطابق آگے نہیں بڑھتا۔ اس معاملے میں میٹرک کا ٹائم پیریڈ بہت اہم ہے۔یہ وقت ہے جب آپ کو اپنی صلاحیتوں کا پتہ چلانے اور ایک کامیاب کیریئر کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔ کیریئر کاؤنسلر آپ کو اپنی مہارتوں، دلچسپیوں اور شخصیت سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد کرے گا تاکہ آپ ایک کامیاب کیریئر کا راستہ اپنا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیر معمولی بچوں کی پہچان
3۔جب آپ گریجویشن کے بعد کیریئر کی تلاش میں ہوں
بہت سے نوجوان گریجویشن کے بعد اس الجھن کا شکارہوتے ہیں کہ آگے کیا کرنا ہے اور کون سا کیریئر چننا ہے۔ اسی لیے مناسب وقت پر کیرئیر گائیڈنس حاصل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ گریجویشن کے بعد آپ کے سامنے دو راستے ہوں گے کہ جاب کرنی ہے یا اعلیٰ تعلیم کی تیاری۔ اگر آپ کو اپنے مقصد کے بارے میں آگاہی نہیں ہے تو ان میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب آپ کے کیریئر کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ لہذا، کیریئر کی مناسب رہنمائی آپ کو کامیاب کیریئر کے بارے میں فیصلہ کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

4۔جب آپ کو محسوس ہو کہ آپ نے غلط فیصلہ کیا ہے
کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن پھر بھی، آپ اپنے امتحان یا ملازمت میں تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔ ایسا غلط ڈگری یا ملازمت کے انتخاب کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اپنی قابلیت اور دلچسپی پر اعتماد رکھیں، کیونکہ اگر آپ کو کسی چیز میں گہری دلچسپی ہے تو آپ کو اسی کے مطابق اپنا کیریئر بنانا چاہیے۔ کیریئر کاؤنسلر کی مدد سے، آپ اپنے کیریئر کے امکانات کی واضح تصویر بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ آپ کے کیریئر تک پہنچنے اور اس میں کامیابی کی منصوبہ بندی کریں گے۔
5۔آپ جانتے ہیں کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ شروع کیسے کریں
کچھ بچے ایسے ہیں جو اپنی دلچسپیوں کے بارے میں جانتے ہیں، لیکن یہ نہیں جانتے کہ اس دلچسپی کو ایک مؤثر اور کامیاب کیریئر میں بدلنے کے لیے کیا کرنا ہے۔ ایک مؤثر اور کامیاب کیریئر بنانے کے لیےسب سے پہلے آپ کو اپنے انتخاب کے بارے میں واضح اور پر اعتماد ہونا چاہیے۔ پھر متعلقہ شعبے یا صنعت کے بارے میں آپ کے پاس مکمل معلومات ہونی چاہییں۔ کورسز کے بارے میں معلومات کی کمی اور انڈسٹری میں ملازمت کے کئی مختلف قسم کے مواقع کی وجہ سے طلباء صحیح فیصلہ لینے میں ناکام رہتے ہیں۔ ایک کیریئر کاؤنسلر آپ کو اپنے لیے موزوں مقصد کی وضاحت کرنے میں مدد کرتے ہوئے آپ کو اپنے کیریئر کے راستے اور اس میں ترقی کرنے کا طریقہ سیکھنے میں مدد کرے گا۔ کیریئر کاؤنسلنگ آپ کووہ جذبہ پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے جس سے آپ وہ شخص بن سکیں جس کی آپ خواہش رکھتے ہیں۔
صحیح کیرئیر کا انتخاب ہر ایک کے لیے آسان نہیں ہوتا، لیکن اگر کسی کو کیریئر کے بارے میں صحیح رہنمائی مل جائے تو طالب علم اپنے کیریئر میں بہت آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو معلوم نہیں کہ اپنے کیریئر کی منصوبہ بندی کیسے کریں تو ایک اچھے اور تجربہ کار کیرئیر کاؤنسلر سے ضرور مشورہ لیں، تاکہ آپ کیریئر کا بہترین راستہ اپنا سکیں۔
جمیل احمد
جمیل احمد تعلیم و تربیت کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تعلیم و تربیت، کیرئیر کاؤنسلنگ، کردار سازی، تعمیر شخصیت اور سیر و سیاحت ان کے پسندیدہ موضوعات ہیں۔
3 Responses