Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

طلباء و طالبات کے لیے پچاس قیمتی نصیحتیں

پچاس قیمتی نصیحتیں

جمیل احمد

سب سے پہلے مختصر سی تمہید کہ “پچاس قیمتی نصیحتیں” لکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

ہم میں سے بہت سے لوگ اپنی رسمی تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔ہم اپنے دورِ طالب علمی  کے بارے میں سوچتے ہیں، تو احساس ہوتا ہے کہ اگر اس طرح کی نصیحتیں ہمیں  اس وقت مل جاتیں تو شاید زمانۂ طالب علمی ہی سے اپنی زندگی کو زیادہ بامقصد اور کامیاب بنانے کی کوشش کرتے۔اور یہ ایک  حقیقت ہے کہ زمانے سے سبق سیکھ کر دانائی  حاصل کرنے میں وقت لگتا ہے۔ سو اس سلسلے  میں طلباء کی مدد کرنے کے لیے، ہم  نے یہ مضمون لکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ آج کے طالب علم دانائی اور کامیابی کا سفر موزوں وقت پر شروع کر سکیں۔

اگر آپ طالب علم ہیں، تو ہمیں  یقین ہے کہ ان نصیحتوں پر عمل کر کے آپ زیادہ خوش اور کامیاب انسان بننے کے سفر کا جلد آغاز کر سکیں  گے۔

1. اپنے والدین کو اہمیت دیں:

کبھی کبھی آپ کو لگے گا کہ  آپ کے والدین آپ کی بات کو سمجھ نہیں رہے ہیں، اور شاید اس سے آپ کو الجھن بھی محسوس ہوتی ہو گی۔ لیکن، حقیقت یہ ہے کہ  وہ آپ کے سب سے بڑے خیر خواہ ہیں، اور آپ سے غیر مشروط محبت کرتے ہیں، لہٰذا ان کے احترام اور قدر و قیمت میں کبھی کمی نہ آنے دیں۔

ویڈیودیکھیں: بابا جانی

2. خراب گریڈ زندگی اور موت کا مسئلہ  نہیں ہے:

سچی بات یہ ہے کہ چند سال بعد آپ اپنے گریڈز کو بھول بھال چکے ہوں گے۔ اگر آپ کا گریڈ خراب آیا ہے، تو اسے زندگی اور موت کا مسئلہ بنانے کی بجائے اپنی  غلطیوں سے سیکھیں اور اگلے امتحان کی بہترطریقے سے  تیاری کریں۔

ویڈیودیکھیں: اگر آپ سٹوڈنٹ آف دی ائیر بننا چاہتے ہیں

3. انٹرنیٹ کو تفریح ​​سے زیادہ تعلیم کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کریں:

انٹرنیٹ پرآپ  گھنٹوں تفریحی مواد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں،  لیکن Udemy،UdacityاورHow Stuff Works جیسی ویب سائٹس سے فائدہ اٹھا کر آپ اپنی معلومات کی سطح کو بہت بلند کر سکتے ہیں۔

ویڈیو دیکھیں: ویب سائٹس … ہر طالب علم کے لیے

4. ذہنی دباؤ ایک حقیقت ہے، لیکن اسے کبھی بھی آپ کی  زندگی کا معمول  نہیں بننا چاہیے:

اس کا مطلب یہ ہے کہ وقتی طور پر ذہنی دباؤ اور تھکاوٹ محسوس کرنا معمول کی بات ہے۔ لیکن اگر آپ ہر روز تناؤ اور تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں، تو آپ کو سوچنا ہو گا کہ آپ کن چیزوں کو مختلف انداز سے کر سکتے ہیں، یا کون سے کام ایسے ہیں جو آپ زیادہ بہتر انداز سے کر سکتے ہیں۔

5. اپنے پیسوں کا انتظام کرنا سیکھیں:

ایک طالب علم کی حیثیت سے، آپ کے پاس شاید بہت سارے پیسے نہ ہوں، لیکن اس کا دوسرا پہلو  یہ ہے، کہ آپ نوجوانی میں ہی خرچ کرنا، بچت کرنا، سرمایہ کاری کرنا اور دوسروں کی مدد کرنا سیکھ سکتے ہیں۔ تو ابھی سے ویلتھ  مینجمنٹ کی مہارتیں سیکھنا شروع کر دیں!

یہ بھی پڑھیں: مستقبل کی نوکریاں

6. نیند پوری کریں:

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ نیند صحت اور دماغ کی اچھی کارکردگی کے لیے ضروری ہے، لہٰذا رات کو آٹھ گھنٹے کی اچھی نیند لینے  کوترجیح دیں ، جو  آپ کو زیادہ خوش اور بہتر طالب علم بننے میں مدد دے گی۔

7. جب آپ کو ضرورت ہو تو مدد طلب کریں:

کسی کام کے سلسلے میں مدد مانگنے میں کوئی شرم کی بات نہیں۔ اگر آپ کو گوگل پر جواب نہیں مل رہا، تو اپنے اساتذہ یا والدین سے پوچھنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔یقیناً  وہ آپ کی مدد کرکے خوش ہوں گے۔

8. چیزیں لکھنے کی عادت ڈالیں:

اپنے دماغ کو اسٹوریج ڈیوائس نہ بنائیں،بلکہ چیزیں لکھنے کی عادت ڈالیں۔ اپنی ڈائری یا کسی موبائل  ایپ پر چیزیں نوٹ کر لیا  کریں تاکہ کوئی بھی اہم چیز بھولنے کا خطرہ نہ رہے۔ اگر آپ چیزیں لکھتے رہے ، توآہستہ آہستہ  آپ ایک منظم اور مؤثر طالب علم بن  جائیں گے۔

9. اگر آپ مطالعہ میں دلچسپی پیدا کرنا چاہتے ہیں  تو لائبریری میں جائیں:

جب آپ کے آس پاس مطالعہ کرنے والے لوگ  ہوں گے تو آپ خود بخود پڑھنے میں دلچسپی محسوس کرنے لگیں گے۔ ماحول کے اثرات کو معمولی  نہ سمجھیں۔ مطالعہ میں دلچسپی پیدا کرنے کا یہ انتہائی قیمتی نسخہ ہے!

ویڈیو دیکھیں: جلدی سیکھنے کے 10 نہایت کارگر طریقے

10. چیلنجز سے بھاگنے کی  بجائے ان کو قبول کرنا سیکھیں:

چیلنجز  کو سیکھنے کے دلچسپ  مواقع کے طور پر دیکھنے  کی کوشش کریں۔ اگر آپ کسی  چیلنج پر قابو نہیں بھی پا سکتے ، تب بھی اس کا سامنا کرنے سے آپ کے شعور اور تجربے میں اضافہ ہو گا۔

11. دوسروں پر الزام نہ دھریں:

اپنی ہر پریشانی یا ناکامی کے لیے  اساتذہ، والدین اور ساتھیوں کو ذمہ دار ٹھہرانا کوئی خوبی کی بات نہیں۔ جتنی جلدی آپ دوسروں پر الزام لگانے کے عادت  چھوڑ دیں گے، اتنی ہی جلدی آپ اپنی زندگی کی مکمل ذمہ داری لینا سیکھ جائیں  گے۔

12. اپنی کلاسز باقاعدگی سے اٹینڈ کریں:

اگر آپ کلاس میں بور ہو رہے ہیں، تو اسے ایک موقع سمجھیں اور  دیکھیں کہ آپ اپنی توجہ دینے کی صلاحیت کیسے بڑھا سکتے ہیں۔اگر کلاس کسی ایسے موضوع کے بارے میں ہے جسے آپ پہلے سیکھ چکے ہیں، تو اسے معلومات کا پھر سے جائزہ لینے اور دہرائی کے موقع کے طور پر دیکھیں۔

13. شکر گزار بنیں:

شکر گزار طالب علم ہمیشہ خوش رہتے ہیں۔ آپ جس حالت  میں ہیں، آپ کو  شکر ادا کرنے کی  کوئی نہ کوئی وجہ مل ہی جاتی ہے، چاہے وہ آپ کا  اسکول ہو، اچھے دوست ہوں، محبت کرنے والا خاندان ہو ،مناسب  کھانا، اچھی صحت، خوب صورت مناظر،یا اللہ کی دی ہوئی کوئی بھی نعمت۔ان چیزوں کو محسوس کریں اور دل سے اللہ کا  اور اس کے بندوں کا شکریہ اداکریں۔

14. شارٹ کٹ نہ لیں:

شارٹ کٹ لینا بظاہر بڑا پر کشش لگتا ہے، لیکن اگر آپ خود کو ایسا کرنے سے روک سکیں تو یہ آپ کے لیے بہتر ہو گا۔ آپ جتنے زیادہ شارٹ کٹ لیں گے، اتنا ہی کم سیکھیں گے اور آپ کی ترقی اتنی ہی کم ہوگی۔ ہر چیز کا ایک طریق کار ہوتا ہے، اس کے مطابق چل کر ہی اس کے صحیح فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

15. اپنی ذات کے  بارے میں اپنا  تصور بہتر بنائیں:

کیا آپ خود کوبار بار یقین دلاتے ہیں کہ آپ سست، بدصورت، نالائق  یا غیر ذمہ دار ہیں؟ کیا آپ کبھی اپنے بہترین دوست کو سست، نالائق وغیرہ کہیں گے؟تو پھر آپ خود اپنے سب سے اچھے دوست بن جائیں، اور خود کو یقین دلائیں کہ آپ بہت کچھ کر سکتے ہیں، پھر اس پر عمل بھی کریں۔  تحقیق سے  ثابت ہوتا ہے کہ جو لوگ اپنے بارے میں اچھا یقین رکھتے ہیں، وہ زیادہ بہتر طریقے سے کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔

16. خود سے  زیادہ دوسروں کے بارے میں سوچنے میں زیادہ وقت گزاریں:

اگر آپ زیادہ تر وقت اپنے بارے میں سوچنے میں صرف کرتے ہیں تو خوشی آپ سے کوسوں دور بھاگے گی۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ  کہ آپ کی  زندگی میں چاہے  کتنی ہی  اچھی چیزیں کیوں نہ چل رہی ہوں، آپ اپنے آپ سے خواہ مخواہ پوچھنا شروع کر دیں  گے کہ  “میں دوسروں  کی طرح مقبول کیوں نہیں ہو ں؟” یا “میرے والدین اتنے سخت کیوں ہیں؟” اس کی  بجائے، دوسروں کی مدد کرنے پر توجہ دیں ؛ آپ زیادہ خوش رہنے والے طالب علم ثابت ہوں  گے۔

17. انکار کرنے میں شرم محسوس نہ کریں:

ایک کامیاب طالب علم کے طور پر آپ کو معلوم ہونا چاہیے  کہ آپ کی ترجیحات اور اقدار کیا ہیں۔ اگر ایسی سرگرمیاں یا مواقع آپ کے سامنے آتے ہیں ، جو آپ کی ترجیحات کے مطابق نہیں ہیں، تو اعتماد کے ساتھ مناسب انداز میں انکار کر دیں۔

18. ان چیزوں کے لیے دوسروں پر انحصار نہ کریں جو آپ کی اپنی ذمہ داری ہیں:

اپنے کاموں کے لیے دوسروں پر انحصار کرنا  غیر ذمہ داری کی علامت ہے۔  ان چیزوں کے لیے دوسرے لوگوں پر بھروسہ نہ کریں جنہیں آپ نے  خود سنبھالنا ہے۔اپنے کاموں کی ذمہ داری اٹھائیں اور انھیں وقت پر انجام دیں۔

19. باقاعدگی سے ورزش کریں:

ورزش آپ کے جسم اور دماغ کے لیے خون کی طرح ضروری ہے۔ لہذا اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے پاس ورزش کرنے کا وقت نہیں ہے، توسوچیں،  آپ کو اس کے لیے وقت نکالنا ہو گا۔ ورزش آپ کو صحت مند اور زیادہ موثر طالب علم بنائے گی۔

20. چیزوں کو یاد رکھنے کی بجائے ، انہیں بھولنا ناممکن بنائیں:

طالب علمی کے زمانے میں آپ کو جو  بات سب سے زیادہ سیکھنے کی ضرورت  ہے، و ہ ہے قابل بھروسہ آدمی بننا۔ قابل بھروسہ طالب علم بننے کے لیے، چیزوں کو بھولنا ناممکن بنائیں، مثلاً ہوم ورک جمع کروانے، اسکول میں کتابیں ساتھ لانے، اپنے والدین سے کسی  فارم پر دستخط کروانے اور ان جیسی دوسری باتوں کو ایک ڈائری میں نوٹ کر کے رکھیں یاکوئی  ایپ استعمال کریں، تاکہ ہر کام اپنے وقت پر ہوتا رہے۔

ویڈیو دیکھیں: ٹاپ کرنے والے طالب علم اپنا ٹائم ٹیبل کیسے بناتے ہیں؟

21. اپنے آپ سے پوچھتے رہیں، ” کیا کرنا ضروری ہے؟”:

اکثراوقات ہم  وہی کرتے ہیں جو ہمیں اس وقت کرنا اچھا لگتا ہے – چاہے وہ آگے چل کر  ہمارے لیے فائدہ مند ہو یا نہ ہو۔ اس رجحان سے لڑنے کے لیے، اپنے آپ سے پوچھتے رہیں، “اب کیا کرنا ضروری ہے؟” اگر آپ نے اپنی ترجیحات طے کی ہوئی ہیں، تو عام طور پرآپ کا جواب  واضح ہوگا۔

22. ہر حال میں اچھا سوچیں:

مثال کے طور پر اس عورت کی بات کو لیں،جو ایک دن میں 14 گھنٹے تک ریستوران میں کام کرنے کے بعد تھک گئی تھی۔ کام ختم ہونے پر اس نے مسرت بھرے انداز میں  کہا، “میں تھک گئی ہوں، لیکن مجھے بہت اچھا لگا  کہ میں نے اپنی ساری توانائی کسی  بامعنی کام میں صرف کر دی!” اس طرح کے رویے کے ساتھ، آپ یقینی طور پر زندگی کی دوڑ  میں فتح یاب  ہوں گے۔

23. دوسروں کی کامیابیوں پر خوشی  منائیں:

ایک طالب علم کے طور پر آپ کو لگے گا کہ ہم مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ہر ایک اپنی شخصیت اور اپنی صلاحیتیں لے کر آیا ہے، اور وہ اس میں بہتر کام کر سکتا ہے۔لہٰذا اپنے ساتھیوں کی کامیابیوں پر  خوشی  منائیں۔

24. سب کچھ اسی وقت ٹھیک نہیں ہو سکتا:

ایک نوجوان کے طور پر، عموماً یہ سوچ پیدا ہوتی ہے کہ سب چیزیں ابھی اورا سی وقت ٹھیک ہو جانی چاہییں، لیکن زندگی میں ایساشاید ہی ہو سکے ۔ زندگی سیکھنے اورسبق حاصل کرنے  کا ایک مسلسل سفر ہے ، اس میں خوشی، غمی، کامیابی ، ناکامی سب کچھ ہو گا۔ اس سفر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں!

25. ان لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں جن کی قدریں اور اہداف آپ جیسے ہی ہیں:

ہم سب ان لوگوں سے بہت متاثر ہوتے ہیں ،جن کے درمیان ہم رہتے ہیں۔تو ان لوگوں کے درمیان رہیں  جو آپ کو ایک بہتر انسان اور طالب علم بننے کی ترغیب دیں ۔

26. زندگی کا کوئی تجربہ ضائع نہیں ہوتا:

 یہ یقین پیدا کریں کہ زندگی آپ کے لیے تخلیق کی گئی ہے۔ اگر آپ کو یقین ہو جاتا ہے  کہ زندگی آپ کی بھلائی کے لیے تخلیق کی گئی  ہے، تو آپ چیلنجز اور مایوسیوں کو بھی مثبت انداز  میں دیکھ سکیں گے۔

27. صرف اسکول جا کر تعلیم یافتہ شخص بننے کی امید نہ رکھیں:

اسکول آپ کی تعلیم کا ایک اہم حصہ ہے، لیکن یہ زندگی کا  صرف ایک پہلو ہے۔ کیوں؟ کیونکہ ایسی بہت سی مہارتیں ہیں جن پر آپ رسمی تعلیم کے ذریعے مہارت حاصل نہیں کر پائیں گے، مثلاً دوسروں کو قائل کرنا، گفت و شنیدکرنا، سوچنے کی مہارت، تخلیقی صلاحیت وغیرہ۔ ایسی مہارتوں کو سیکھنے کے لیے آپ کو دوسرے ذرائع استعمال کرنے ہوں گے، مثلاً ویڈیوز، آن لائن کورسز اور حقیقی دنیا کے تجربات۔

ویڈیو دیکھیں: 15 مہارتیں جن کی تربیت ابتدائی عمر میں ضروری ہے

28. “شکریہ” اور “معافی چاہتا ہوں” کہنے کو زندگی کا حصہ بنائیں:

یہ الفاظ صرف زبان سے ادا کرنے  کی خاطر نہ کہیں، بلکہ اس احساس کے ساتھ کہیں کہ  “شکریہ” اور “معذرت چاہتا ہوں”  کہہ کر آپ اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

29. مقبول بننے  کی فکر نہ کریں:

مقبولیت یہ ہے کہ  دوسرے لوگ  آپ کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔لوگوں کی رائے بدل سکتی ہے، یااس میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔اس سے بہتر ہے کہ آپ ذمہ داری، فرض شناسی، حسن کارکردگی، مہربانی، ہمت اور سخاوت جیسی صفات  پر توجہ دیں، اورانھیں اپنی  شخصیت کا مستقل حصہ بنا لیں۔یہ آپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

30. نئی چیزیں سیکھتے رہیں:

طالب علم عام طور پر وہی چیزیں پڑھتے یا سیکھتے  ہیں جن کا امتحان لیا جاتا ہے۔ لیکن جو طالب نئی چیزیں سیکھنے کا تجسس پیدا کر لیتے ہیں، وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ زندگی سے بھی زیادہ لطف اندوز ہونے لگتے ہیں۔انھیں محسوس ہونے لگتا ہے کہ  ہمارے آس پاس کی دنیا میں بہت خوبصورتی ہے۔لہٰذا  آج سے نئی چیزیں سیکھنے کا شوق پیدا کریں، اور اپنی زندگی کو مزید خوب صورت بنائیں!

ویڈیو دیکھیں: سیکھنے میں بچوں کی مشکلات اساتذہ کیسے حل کریں

31. آپ کا ہر فیصلہ آپ کے کردار پر اثر انداز ہوتا ہے، لہٰذا سوچ سمجھ کر فیصلے  کریں:

ایک طالب علم کے طور پر، آپ روزانہ سینکڑوں فیصلے  کرتے ہیں؛ کیا کھائیں، اپنا پیسہ کیسے خرچ کریں، کس سے بات کریں، کون سے کپڑے پہنیں، کتنی محنت کریں، وغیرہ۔ ہر فیصلہ آپ کے کردار اور قسمت  کو تشکیل دیتا ہے، لہٰذا اسے معمولی نہ سمجھیں، اور یہ سوچ کر فیصلہ کریں کہ آپ کیسی شخصیت بننے جا رہے ہیں۔

32. 90% کامیابی وہ کام کرنے میں ہے جو دوسرے کرنے کو تیار نہیں ہیں:

زیادہ تر طلبا اضافی اسائنمنٹ کرنے، مضمون کو ایک بار  پروف ریڈ کرنے،کام پر  توجہ مرکوز کرنے کے  وقت اپنے ٹیبلیٹ کو دور رکھنے، یا اپنے فون پر غیر ضروری ایپس ڈیلیٹ  کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ۔کوشش کریں کہ آپ  وہ طالب علم بنیں جو اس طرح کے اضافی کام کرنے  کرنے کے لیے تیار ہے۔  اگر آپ زندگی میں اس سوچ  کو اپناتے ہیں، تو آپ کے کامیاب ہونے کے امکانات بالکل روشن ہیں۔

33. دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں:

ایک نو عمر طالب علم کے طور پر، کبھی نہ سوچیں کہ آپ کا  کام دنیا پر کوئی اثر نہیں چھوڑے گا۔بے شمار ایسے بچے ہیں جو اپنے کام سے دنیا کو بہت کچھ دے  رہے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کی عمر کتنی ہے؛  یقین کریں کہ آپ بھی دنیا کو بہت کچھ دے  سکتے ہیں، لہٰذا دنیا کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے جائیں ، چاہے وہ آپ کو بہت معمولی سا ہی کیوں نہ لگے۔

34. دوسروں کے بارے میں اچھا گمان رکھیں:

بہت سے اختلاف اس لیے پیدا ہوتے ہیں کہ ہم نے دوسروں کو پہلے ہی برا سمجھ رکھا ہوتا ہے۔ ہم نے فرض کر لیا ہوتا ہے  کہ دوسرے خودغرض اور مفاد پرست  ہیں، لیکن اس میں سچائی  بہت ہی کم  ہے۔ اگر آپ دوسروں کے بارے میں اچھی رائے رکھیں گے، تو آپ ان کے نقطۂ نظر کو سمجھنے کی کوشش کریں گے،اور اس کے نتیجے میں، آپ زیادہ تیزی سے تنازعات اور مسائل کو حل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

35. ان تعلقات کو مضبوط کریں جو سب سے اہم ہیں:

رشتوں کو پروان چڑھانا چاہیے ،لیکن  اس میں وقت لگتا ہے۔ ان لوگوں کی فہرست بنائیں جو آپ کے لیے سب سے زیادہ اہمیت  رکھتے ہیں۔ پھر ان رشتوں کو مضبوط  کرنے کی شعوری  کوشش کریں،اور  کم از کم ہفتہ دس دن بعد ان سے رابطہ رکھنے کی کوئی نہ کوئی صورت پیدا کریں۔

36. گھاس وہاں ہری ہوتی  ہے جہاں آپ اسے پانی دیتے ہیں:

کیا آپ نے کبھی تنہائی میں بیٹھ کر  سوچا،  “کاش میں کسی دوسرے اسکول میں جاتا… کاش میں کسی دوسرے شہر میں پیدا ہوتا… کاش میں بہتر نظر آتا…؟”  اگر ایسا ہے تو، یاد رکھیں کہ گھاس وہیں ہری ہوتی ہے، جہاں آپ اسے پانی دیتے ہیں ۔ شکایت کرنے کی بجائے مثبت رویہ اختیار کریں، عمل کر کے  “گھاس کو پانی دیں” اور اپنے مسائل کو حل کریں۔

37. ہر کام  کرنے کے لیے وقت اور محنت درکار ہوتی ہے:

یہ بات آپ کے  گریڈز، تعلقات، کیریئر، کردار، اور کئی چیزوں  پر لاگو ہوتی  ہے۔ اگر آپ زندگی میں کوئی  بامعنی اور فائدہ مند کام کرنا  چاہتے ہیں تواس کے لیے وقت اور محنت درکار ہو گی، اس کا  کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔

38. خلوص دل سے دوسروں کی تعریف کریں:

جتنا ممکن ہو ، ترجیحاً روزانہ دوسروں کی جائز تعریف اور حوصلہ افزائی کا موقع تلاش کریں۔ دوسروں کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرکے  ان کے دن کو تھوڑا سا بہتر  بنانے کا یہ ایک اچھا  طریقہ ہے۔

39. دوسروں کو اور اپنے آپ کو معاف کریں:

اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ غصے اور ناراضگی سے بھر ے ہوئے نہیں ہوں  گے۔ اگر آپ خوش دلی سے دوسروں کو معاف کریں گے  تو آپ کی زندگی زیادہ پر سکون  اور خوشگوار ہو جائے گی۔

40. کامیاب ہونے کے لیے، آپ کو منفی جذبات سے نمٹنے کا طریقہ سیکھنا چاہیے:

جب آپ مایوس، ناراض، مضطرب  یا اداس محسوس کر رہے ہوں، تو آپ کے غلط فیصلے کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔اگرچہ  آپ تمام منفی جذبات سے اپنے آپ کو بچا  نہیں سکتے، لیکن آپ ان سے نمٹنا سیکھ سکتے ہیں، تاکہ وہ آپ کو پٹڑی سے نہ اترنے دیں۔

ویڈیو دیکھیں: مثبت سوچنا ہمارے لیے کیوں مشکل ہے؟

41. عوامی گفتگو  میں معقول حد تک مہارت حاصل کریں:

ہم یہ نہیں کہہ رہے  کہ ہر کسی کو پروفیشنل اسپیکر بننا چاہیے۔ لیکن اتنا ضرور ہے  کہ زندگی میں بہت سے مواقع پر  آپ کو عوام میں بولنے کی ضرورت پیش آئے گی۔ لہٰذا جتنا  جلد آپ یہ مہارت حاصل کر لیں ، اتنا آپ کے لیے بہتر ہو گا۔

ویڈیو دیکھیں: بچوں میں اکیسویں صدی کی مہارتیں کیسے پیدا کریں؟

42. رویہ ذہانت یا ہنر سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے:

حقیقت یہ ہے کہ آپ کی اہلیت نہیں بلکہ آپ  کا رویہ،  آپ کی کامیابی  کا تعین کرتا ہے۔یہ ٹھیک ہے کہ  ذہانت اور ہنر ایک طالب علم کی حیثیت سے  آپ کی کامیابی میں کردار ادا کرتے ہیں، لیکن رویہ بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔لہٰذا  آج ہی سے ایک مثبت اور لچکدار رویہ اپنانا شروع کریں۔

ویڈیو دیکھیں: صرف ذہانت کافی نہیں، آپ کی شخصیت ان چار چیزوں میں پوشیدہ ہے

43. حال کو اہمیت دیں:

ماضی کی غلطیوں کے بارے میں حد سے زیادہ سوچنے اور مستقبل کے بارے میں فکر مند ہونے سے کچھ خاص حاصل نہیں ہو گا۔ موجودہ  لمحے میں جینا، چھوٹی چھوٹی چیزوں کی قدر کرنا، اپنے کام پر  100 فیصد توجہ مرکوز کرنا، جو کچھ آپ  سیکھ رہے ہیں  اس میں خوبصورتی دیکھنا، اور رشتوں کی قدر کرنا، غرض آپ جو کچھ بھی کر رہے ہیں، اپنے حال پر توجہ دیں، مستقبل کا راستہ اسی سے سنورے گا۔

44. آپ اپنے وقت کو سونا بنا سکتے ہیں اور مٹی بھی:

دنیا کے  ہر شخص کو ایک دن میں چوبیس گھنٹے ملتے ہیں۔انہی چوبیس گھنٹوں کو استعمال کر کے کوئی کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ جاتا ہے اور کوئی ناکامی کے گڑھے میں گر جاتا ہے۔آپ اپنے وقت کو سونا بنا سکتے ہیں اور مٹی بھی۔ اگر آپ نے وقت کو قیمتی اور با مقصد کاموں میں لگایا، تو آپ کا وقت سونا ہے، اور فضول اور بے مقصد کاموں میں لگایا  تو یہی وقت مٹی بن جائے گا۔لہٰذا کوئی بھی کام کرتے ہوئے سوچیں کہ آپ اپنے وقت کو سونا بنا رہے ہیں یا مٹی۔

ویڈیو دیکھیں: 12 حیرت انگیز عادات جو آپ کو کامیاب ترین لوگوں میں شامل کر سکتی ہیں

45. خوف سے آگے بڑھنے کا کام لیں، پیچھے ہٹنے کا نہیں:

اکثر اوقات، جب ہمیں کوئی خوف محسوس  ہوتا ہے، تو  ہماری زندگی کو کوئی حقیقی خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔خوف کی ایسی مثالوں میں عوام میں بولنے کا خوف، ناکامی کا خوف، مستردکیے جانے کا خوف، اور سیکھنے کا خوف شامل ہیں۔ اس قسم  کے  خوف سے آپ کو یہ سیکھنا چاہیے کہ ان پر کیسے قابو پانا ہے۔ اس طرح آپ کو  اپنی شخصیت بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

46. ​​ٹی وی نہ دیکھیں:

تحقیق  سے پتہ چلتا ہے کہ بہت زیادہ ٹی وی دیکھنے والوں میں ڈیپریشن کی علامات پائی جاتی ہیں۔تھوڑا بہت  ٹی وی دیکھنےمیں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن اگر آپ ٹی وی بالکل نہ دیکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو آپ کو بامعنی اور نتیجہ خیز سرگرمیوں کے لیے زیادہ وقت ملے گا۔

47. کلاس میں توجہ مرکوز رکھیں:

اگر آپ کلاس میں خوب توجہ سے بیٹھتے ہیں، تو آپ کو اضافی اوقات میں مطالعہ کے لیے  وقت صرف  کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ،کیونکہ آپ کلاس میں پڑھائے جانے والے زیادہ تر تصورات کو پہلے ہی سمجھ چکے ہوں گے۔ اگر آپ کو توجہ مرکوز کرنے  میں دشواری ہو رہی ہے تو،  آپ اپنی توجہ کو آہستہ آہستہ بہتر کریں۔ مثال کے طور پر، آپ شروع میں 10 منٹ کے لیے ٹائمر لگا کر طے کریں کہ اس میں مواد کی طرف پوری توجہ دینی ہے،10 منٹ ختم ہونے کے بعدآپ ایک دو منٹ کے لیے ریلیکس کریں،اور مزید 10 منٹ کا “فوکس سیشن” شروع کردیں۔اسی طرح  ہر روز، “فوکس سیشن” کے دورانیے  میں ایک منٹ کا اضافہ کرتے جائیں۔

ویڈیو دیکھیں: توجہ برقرار رکھنا مشکل ہے تو یہ طریقے آزمائیں

48. جب کوئی مسئلہ درپیش ہو، تو اپنے آپ سے پوچھیں، “حالات کو بہتر بنانے کے لیے میں اب کیا کر سکتا ہوں؟”:

یہ آپ کی زندگی کے لیےبہت ہی اہم سوال ہے۔ جب آپ کسی  ایک چیز پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جو آپ واقعی کر سکتے ہیں، تو آپ مایوسی  محسوس نہیں کریں گے۔ جب آپ اس پر توجہ مرکوز کرتے ہیں کہ آپ ابھی اور فوری طور پر  کیا کر سکتے ہیں، تو آپ کے اندر  اس پر عمل  کرنے کا جذبہ پیدا ہو گا۔ اور جب آپ خود  سے یہ سوال پوچھتے ہیں کہ  “اب کیا کرنا چاہیے؟”  تو یقینی طور پر کم از کم ایک نتیجہ خیز اقدام آپ کے ذہن میں ضرور آئے گا۔ لہٰذا جب بھی آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تواپنے آپ سے  یہ طاقتور سوال ضرور پوچھیں؛ آپ زیادہ موثر طالب علم اوربہتر انسان بن جائیں گے۔

49. کامیاب نظر آنا  اور کامیاب ہونا دو مختلف چیزیں ہیں:

کامیاب نظر آنے کا تعلق وقار، مقبولیت، حیثیت اور کامیابیوں سے ہے۔جب کہ  کامیاب ہونے کا تعلق مقصد، تعلقات، کردار اور اپنے حصے کا کردار ادا کرنے سے  ہے۔ ایک طالب علم کے طور پر، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کامیاب ہونے کے لیے کام کر رہے ہیں، نہ کہ صرف کامیاب نظر آ نے کے لیے۔

ویڈیو دیکھیں: کامیاب زندگی گزارنی ہے تو ان 10 عادتوں سے بچیں

50. بہتری  پر توجہ مرکوز کریں، کمال پر نہیں:

کامل یا پرفیکٹ طالب علم جیسی کوئی چیز دنیا میں موجود نہیں ۔ آخر ہم انسان ہیں، جن میں خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں اور خامیاں بھی۔اگر آپ کمال حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہو گئے، تو آپ مایوس ہو جائیں گے۔اس کے نتیجے میں آپ کا حوصلہ ٹوٹ سکتا ہے۔ دوسری طرف، اگر آپ مسلسل اپنے آپ کو بہتر بنانے  پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، تو آپ کو احساس ہوگا کہ اصل کمال اپنے آپ کو مسلسل بہتر بنانے میں ہے۔ دراصل یہی  ایک مؤثر اور  مکمل طالب علم بننے کی کنجی  ہے۔

ویڈیو دیکھیں: اپنے لاشعور کا سافٹ وئر خود بدلیں

امید ہے یہ مضمون آپ کو مفید لگا ہو گا۔آپ کو اس میں کون سی بات اچھی لگی، اس بارے میں کمنٹ کر کے ہمیں ضرور بتائیں۔

شکریہ!

One Response

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

زیادہ پڑھی جانے والی پوسٹس

اشتراک کریں

Facebook
Pinterest
LinkedIn
WhatsApp
Telegram
Print
Email