Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

نو منتخب صدر معلمین کے نام

نومنتخب صدر معلمین کے نام

جمیل احمد

برادر محترم سید سلیم گردیزی کی کال موصول ہوئی۔ وہ اور ان کا محکمہ آزاد کشمیر میں تعلیم کے حوالے سے انقلابی اقدامات اور اصلاحات میں شبانہ روز سرگرم عمل ہیں۔ ان کی لگن، جوش و جذبہ اور فعالیت قابل ستائش ہے۔ اصلاح کی گنجائش ہر وقت موجود رہتی ہے۔ کام کریں گے تو جہاں بہت اچھے نتائج ملیں گے وہاں کچھ خامیاں بھی رہ جائیں گی۔ مثبت اور تعمیری تنقید ہوتی رہے تو رفتہ رفتہ وہ خامیاں بھی دور ہو جاتی ہیں۔ مقصد ہے بہتری کی جانب سفر۔ تو سلیم گردیزی صاحب اور ان کے رفقاء کار نے آگے بڑھنے کا راستہ چنا ہے۔ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے صدر معلمین کی اسامیوں پر چناؤ مکمل ہوا تو محکمہ تعلیم نے نو منتخب صدر معلمین کے لیے تین ہفتے کی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔

مجھے اس ورکشاپ میں ایک دن صدر معلمین کے ساتھ سیشن کرنے کی دعوت دی گئی۔ میں نے بلا توقف حامی بھر لی کیونکہ آزاد کشمیر کے تعلیمی نظام میں بہتری کے عمل کو قریب سے دیکھنے اور نئے سربراہان ادارہ جات کے ساتھ ملاقات کا یہ بہت اچھا موقع تھا۔ تاہم بعد میں کچھ فوری ذاتی وجوہات کے باعث مجھے ورکشاپ میں شرکت سے معذرت کرنا پڑی۔ میں نے سوچا کیوں نہ ان سطور کے ذریعے نئے صدر معلمین سے ملاقات کر لی جائے۔ تو محترم صدر معلمین، سب سے پہلے آپ کو نئی، نہایت اہم اور میرے لحاظ سے کلیدی پوزیشن پر منتخب ہونے کی دلی مبارکباد۔ آپ کا انتخاب آزاد کشمیر میں تعلیمی بہتری کے سفر کا نہایت اہم قدم ہے۔ اب آپ نے یہ سوچنا ہے کہ کس طرح اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں سر انجام دیں کہ آپ کی قابلیت، تجربہ اور مہارتوں سے نہ صرف آپ کا سکول بلکہ بحیثیت مجموعی محکمہ تعلیم بھی استفادہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سکول کی موثر قیادت اور منتظمین کے اوصاف (1)

سب سے پہلے آپ اپنے سکول کے لیے ایسا وژن اور مشن تخلیق کریں جس میں تمام بچوں کے لیے کامیابی کا تصور موجود ہو۔ ایک قول ہے کہ اگر آپ کو نہیں معلوم کہ آپ نے کدھر جانا ہے تو کوئی بھی راستہ آپ کو کہیں بھی لے کر جا سکتا ہے۔ تو آپ نے اپنے اساتذہ کو یہ سمت دینی ہے کہ ہر بچہ کامیاب ہو سکتا ہے۔ میری دانست میں اکثر اوقات ہم نے اپنے تئیں بچوں پر نالائقی کا لیبل چسپاں کر دیا ہوتا ہے کیونکہ وہ ہمارے طے شدہ معیار پر پورے نہیں اترتے۔ بہت ممکن ہے کہ ان کی شخصیت کے کئی ایسے گوشے، کئی ایسی صلاحیتیں ہوں جنہیں ہماری آنکھ نہ دیکھ پائی ہو۔ جو سربراہان اور اساتذہ یہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کو مناسب رہنمائی مہیا کر کے ہم انہیں آگے بڑھنے میں مدد دے سکتے ہیں وہ حیرت انگیز نتائج حاصل کر لیتے ہیں۔ اس لحاظ سے بطور سربراہ ادارہ آپ کو کلاس روم کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنی ہو گی تاکہ بچوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق اوپر اٹھانے میں اساتذہ اور بچوں کی مدد کر سکیں۔

اس کے بعد آپ نے سکول میں صحت مندانہ اور تعلیم دوست ماحول پیدا کرنا ہے۔ ایسا ماحول جس میں بچے خود کو خوش اور محفوظ تصور کریں، جو ایک دوسرے کی مدد اور باہمی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہو، جہاں اساتذہ یہ سمجھیں کہ وہ ایک پیشہ وارانہ ادارے کے اندر کام کر رہے ہیں۔ آپ نے سکول کو انتشار، ذاتیات، ذاتی مفاد، منفی رجحانات، مزاحمتی کلچر اور اپنے اپنے حصار میں بند ہو کر دوسروں کو نیچا دکھانے کے رویوں سے دور رکھنا ہو گا۔ اس کے مقابلے میں ایسی اجتماعیت کا تصور پروان چڑھانا ہو گا جہاں سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوں، الزام تراشی کی بجائے مسائل کے حل پر مل کر کام کریں، اور اساتذہ اور بچوں کے لیے صحت مندانہ سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سکول کی موثر قیادت اور منتظمین کے اوصاف (2)

آپ کی قائدانہ صلاحیتیں سکول کو بہت آگے لے کر جا سکتی ہیں بشرطیکہ آپ قائدانہ سرگرمیوں اور فیصلہ سازی میں اساتذہ کو بھی شریک کریں۔ اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ دوسروں کو قائدانہ سرگرمیوں میں شریک کرنے سے آپ کا اختیار کم ہو جائے گا بلکہ اس طرح اساتذہ کو مزید بہتر کام کرنے کی تحریک ملے گی، ان کے جوش و جذبے میں اضافہ ہو گا اور آپ کے اور اساتذہ کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہو جائے گا جو بالآخر سکول کی بہترین تعلیمی کارکردگی پر منتج ہو گا۔

سکول میں پیشہ وارانہ ماحول کی بات ہوئی ہے تو اس سلسلے میں عرض ہے کہ پیشہ ورانہ ماحول اس وقت پیدا ہو گا جب طلبہ و طالبات سے ان کے تعلم کے بارے میں واضح توقعات بیان کی جائیں، اساتذہ کے درمیان تدریس کو بہتر بنانے کے طریقوں پر اکثر و بیشتر بات چیت ہوتی رہے، وہ ایک دوسرے کے کلاس روم کا کھلے دل سے مشاہدہ کریں، ایک دوسرے کے کام میں بہتری کے لیے تعمیری فیڈ بیک دیں اور جہاں بہترین ٹیم ورک ہو۔ اجتماعیت کے احساس کے ساتھ چلنے والا سکول ایک بہترین مشین کی طرح ہے، جس کا ہر پرزہ بچوں میں بہترین رویوں کی نشو و نما، ان کی کردار سازی اور بہترین تعلیمی کارکردگی کے لیے کام کر رہا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مستقبل کی نوکریاں

ایک مؤثر سربراہ ادارہ کے طور پر آپ کو خیال رکھنا ہو گا کہ تدریس کا معیار خوب سے خوب تر کی جانب بڑھتا رہے۔ اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ بہتری کے لیے مواقع مہیا کیے جاتے رہیں۔ آپ کو کلاس روم کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنا ہو گی اور اساتذہ کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا ہو گی۔ یاد رکھیں، سکول بظاہر ایک چھوٹا سا انتظامی یونٹ ہے لیکن اس کے انتظام و انصرام کے تقاضے کسی بھی طرح ایک بڑی تنظیم چلانے سے کم نہیں۔ آپ کو دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کرنا ہوتا ہے، اساتذہ اور بچوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کرنی ہوتی ہے، اس پر عمل درآمد کرنے کا طریقہ کار وضع کرنا ہوتا ہے، سکول کا انتظام و انصرام کرنے کے لیے بہترین محکمانہ روابط قائم کرنے ہوتے ہیں، سکول کی سرگرمیوں، منصوبوں اور کارکردگی کے حوالے سے لوگوں کا تعاون حاصل کرنا ہوتا ہے اور نگرانی اور جائزہ کا مؤثر نظام قائم کرنا ہوتا ہے۔

غرض صدر معلم کا کام بہترین بصیرت، مہارت اور محنت کا تقاضا کرتا ہے۔ آخر میں یہ عرض کرتا چلوں کہ آپ کو اپنے کام کے نتائج راتوں رات نہیں ملیں گے۔ اگر آپ جاں فشانی سے اپنے ادارہ کے لیے کام کرتے رہے تو چار پانچ سال کے عرصے میں آپ کو اپنی کاوشوں کا صلہ یہاں ملنے لگے گا۔ حقیقی اجر تو اللہ کے پاس ہے۔ اللّہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *