شعیب شاز
نسلِ نو کے لیے ایک دعا
خداۓ برتر سے یہ دعا ہے
کہ تیری سوچوں کی ہر جہت کو،
ترے خیالوں کے زاویوں کو،
تمام جذبوں کے حاشیوں کو،
کچھ ایسے لفظوں کے موتیوں کی
حسین تر پہنایٔیاں ملیں کہ
تمام عالم میں روشنی ہو!
زمینِ دِل جگ مگا اُٹھے، اور
کتابِ ہستی کا پیرہن اور ورق ورق ہی دیدنی ہو۔۔
تمھارے حرفوں کا ہر لبادہ
مشک و عنبر سا ہو معطر
تمھارے اعمال کی رعنائی ابد تک رشکِ بریں رہے، اور
قرارِ خلقِ خدا بنے!
خداۓ برتر سے یہ دعا ہے
ہر ایک نغمہ صداۓ دل ہو
ہر ایک مصرع نواۓ جاں ہو!
شعیب شاز
شعیب شاز تعلیم و تربیت کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ علم و ادب سے گہرا لگاؤ ہے۔ اردو اور انگریزی ادب میں وسیع مطالعہ کے حامل ہیں۔ شعر و شاعری کی خدا داد صلاحیت رکھتے ہیں۔