Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

مستقبل کے کامیاب لوگ کون؟

مستقبل کے کامیاب لوگ کون؟

جمیل احمد

کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ مستقبل کے کامیاب لوگ کون ہو سکتے ہیں، اوران کی خصوصیات کیا ہوں گی؟

اس مضمون میں ہم چند ایسی چیزوں پر بات کریں گے  جو ممکنہ طور پر طے کرتی ہیں کہ آگے چل کر  کوئی کتنا کامیاب ہوگا۔ اچھی بات یہ ہے کہ ان چیزوں کا تعلق کسی کے اثر و رسُوخ، معاشرتی  مقام یا دولت سے نہیں ہے۔ دراصل ان کا تعلق کچھ خاص خصلتوں سے ہے  جو آپ کو اوسط درجے کی زندگی گزارنے والے لوگوں سے ممتاز کرتی ہیں۔

کاروبار میں ایک مشہور کہاوت ہے کہ کامیابی عارضی ہے۔ کامیابی  صرف خواب دیکھنے  یا کامیابی کی خواہش کرنے سے حاصل نہیں ہوتی۔ آپ کو اس کے لیے مسلسل کام کرنا ہوگا۔ کامیاب لوگ  اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ  کامیابی کا راستہ کبھی بھی ہموار اور سیدھا  نہیں ہوتا۔ یہ پیچ در پیچ راستہ ہے،جس میں  کبھی بلندی اورکبھی  پستی، کبھی ہنگامہ خیزی اور کبھی سکون  آتا ہے۔

تو  یہ 8 نشانیاں اگر آپ کے اندر موجود ہیں تو امید کی جا سکتی ہے کہ  آپ مستقبل میں بہت کامیاب ہوں گے۔

1۔ آپ دوسرے لوگوں کی کامیابی پر خوش ہوتے  ہیں۔

اس بات  کا مشاہدہ کرنا دلچسپی سے خالی نہیں کہ مختلف لوگ اپنے دوستوں کی کامیابی پر کیا ردعمل ظاہرکرتے ہیں۔ کچھ اپنے دوستوں کی کامیابی پر دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں اور ان  کی کھل کر حوصلہ افزائی  کرتے ہیں، بعض ذرا محتاط رد عمل دیتے ہیں، اورکچھ کو تو جیسے سانپ سونگھ جاتا ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے، ہمیں اپنے پیاروں کی خوشی میں خوش نہیں ہونا چاہیے؟ یقیناً  ہونا چاہیے، تاہم کچھ لوگ دوسروں کو خود سے آگے بڑھتا  دیکھنا پسند نہیں کرتے۔

وہ بہت  اعلیٰ ظرف لوگ ہیں جو اپنے دوستوں کو آگے بڑھتے اور کامیاب ہوتے  ہوئے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ وہ کیوں خوش ہوتے ہیں؟ اس لیے کہ وہ اپنے  آس پاس کے لوگوں کو اچھا کام کرتے ہوئے دیکھ کر خود بھی اچھا محسوس کرتے ہیں۔ دوسرے یہ کہ آپ کو ان کی کامیابی  سے تحریک ملتی ہے کہ آپ بھی ان کی طرح  مزید محنت کرکے کامیاب ہوں۔ ان کی کامیابی آپ کو حسد میں مبتلا نہیں کرتی ، بلکہ آپ کے اندرکامیاب ہونے کی طلب اور بڑھ جاتی ہے۔

2۔ آپ کو معلوم ہے کہ آپ کیا غلط کر رہے ہیں۔

ایک بات جسے ہم عام طور پر جاننا نہیں چاہتے، یہ ہوتی ہے کہ ہم کیا غلط کر رہے ہیں۔ یہ جاننے کی کوشش کرنا کہ ہماری  زندگی  ، ہمارے رویّوں اور ہمارے کام کے طریقے میں  کیا خرابی ہے ، بلند سوچ کی ایک شکل ہے۔ اپنی خوبیوں پر ہر ایک کی نظر ہوتی ہے،  لیکن جو اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرسکتا ہے وہ واقعی طویل مدتی کامیابی کے لیے خود کو تیارکررہا ہے۔

3۔آپ اقدار کی بنیاد پر قیادت  کرتے ہیں۔

اگرآپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو یہ معلوم ہونا کافی نہیں ہے کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہیں۔ یہ جاننا زیادہ اہم ہے کہ آپ وہاں کیسے پہنچیں گے۔ اور”کیسے” کا جواب معلوم کرنے کے لیے آپ کو پتہ ہونا چاہیے کہ آپ “کون” ہیں؟

“کون” کا تعلق آپ کی بنیادی اقداراورآپ کے فیصلہ کرنے کے رہنما اصولوں  سے ہے۔ آپ کی اقدار آپ کو بتاتی  ہیں کہ آپ کون ہیں۔ اگر آپ اپنی اقدار پر مبنی قیادت  کرتے ہیں، تو آپ اس کی بنیاد پر فیصلے کریں گے جسے آپ نے اپنی زندگی کے لیے صحیح سمجھا ہے۔ اقدار پر مبنی قیادت طویل مدتی،اور  پائیدار کامیابی حاصل کرنے کی کلید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مستقبل کی نوکریاں

4۔آپ مسلسل نئے تجربات کی تلاش میں رہتے ہیں۔

نیاپن تلاش کرنا، آسانی سے بور ہو جانا اور خود کو نئے مشاغل یا سرگرمیوں میں جھونکنا ایسی باتیں ہیں، جنھیں  اکثر جوابازی، منشیات کے استعمال، توجہ کی کمی اور اچھے مواقع ضائع کرنے  سے جوڑ دیا جاتا ہے۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے پن کی تلاش ان خصلتوں میں سے ایک ہے جو آپ کو صحت مند اور خوش رکھتی ہیں۔یہ عادت  عمر کے ساتھ ساتھ آپ کی شخصیت کی نشوونما میں بھی مددگار ہوتی ہے۔ اگر آپ مہم جوئی اور تجسّس کو استقامت کے ساتھ ملا کر زندگی کا حصہ بناتے ہیں، تو آپ تیز رفتاری کے ساتھ کامیابی کے راستے پر گامزن ہوں گے۔ کامیاب ہونے کے لیے، آپ کو اپنے جذبات پر  کنٹرول ہونا چاہیے، اور آپ پر بالکل واضح ہونا چاہیے  کہ نئے پن کی تلاش اور مہم جوئی کی کوشش میں آپ کا  مستقبل کیسا ہوگا۔

5۔ آپ قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔

کامیاب ہونے کے لیےآپ کو قربانیاں دینی پڑیں گی۔ دنیا کے ذہین اور کامیاب ترین افراد کبھی نہ کبھی اس مرحلے سے گزرے ہیں۔ایک کامیاب باکسراپنی نیند کو قربان کر کے  رِنگ میں پریکٹس کرتا ہے۔ ایک کامیاب بزنس مین فضول اخراجات سے خوشی کے حصول کو قربان کر کے اپنی رقم کاروبار میں لگاتا ہے۔ کیا آپ بھی اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو ہے تو آپ کامیابی کے سفر پر پہلے ہی روانہ ہو چکے ہیں۔

6۔آپ اپنے طویل مدتی ہدف کو ذہن میں رکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں۔

آپ جو کچھ بھی کررہے ہیں، اگر وہ بڑی اورچھوٹی سطح پر آپ کو اپنے اہداف کے قریب لے کر جا رہا  ہے، تو یہ ایک اور مضبوط علامت ہے کہ آپ کامیابی حاصل کریں گے۔ تمام کامیاب لوگ ایسا ہی کرتے ہیں۔ ان کے ذہن میں ایک بڑا طویل مدتی مقصد ہوتا ہے،  اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے وہ ہر روز چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے  ہیں جو انہیں بتدریج اس مقصد کے قریب لے جائیں گے۔

7۔آپ ذمہ داری لیتے ہیں۔

اوسط درجے کے لوگوں کو اپنی غلطیاں قبول کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ وہ یہ تسلیم کرنا پسند نہیں کرتے کہ انہوں نے کچھ غلط کیا ہے۔ دوسری طرف کامیاب لوگوں کو اپنی غلطیاں  تسلیم کرنے میں کوئی دِقّت نہیں ہوتی۔ وہ کھلے دل سے ذمہ داری لینا پسند کرتے ہیں۔ کیوں؟ اس لیے کہ  ذمہ داری کا اعتراف کرنے کے نتیجے میں وہ اپنی غلطی کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نہ صرف اپنی غلطیوں بلکہ اپنی ٹیم کی غلطیوں کی بھی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، تو یہ ایک شاندار اشارہ ہے  کہ آپ مستقبل میں کامیاب ہوں گے۔

8۔ کام اور زندگی کا خوب صورت امتزاج۔

کام اور زندگی کی حدود کا  سو فی صد خیال  رکھنا تقریباً ناممکن ہے۔ کیوں؟ اس لیے کہ آپ اپنا کام  ہیں۔ آپ کا کام  آپ کی زندگی ہے، جس طرح آپ کی زندگی آپ کا کام  ہے۔ کامیاب لوگ حیران کُن حد تک کام اور زندگی کا بہترین امتزاج  تلاش کرلیتے ہیں۔ وہ اپنی روزمرہ کی کاروباری زندگیوں میں اپنے خاندان اور دوستوں کی دلچسپیوں، مشاغل، جذبات اور ذاتی اقدار کو شامل کرنے کے طریقے تلاش کرتے ہیں۔ کامیاب ہونے کے لیےآپ کے اندر توازن پیدا کرنے کی صلاحیت  ضروری ہے۔یہی بات کامیاب لوگوں کی زندگی کا لائف اسٹائل بن جاتی ہے۔

حاصلِ کلام

اکثرکامیاب لوگوں کے لیےکامیابی ایک مسلسل جاری رہنے  والا سفر ہے۔ ایک بار جب وہ ایک مقصد حاصل کر لیتے ہیں، تو وہ ایک نئی منزل کا تعین کرلیتے  ہیں۔ ان کے لیے  کامیابی کا سفر  تب ختم ہوتا ہے جب انھیں اپنے سامنے  مزید چیلنجز نظر نہیں آتے۔ ہمیں امید ہے کہ ان 8 نشانیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر  آپ ایک کامیاب مستقبل کی بنیاد رکھ چکے  ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

زیادہ پڑھی جانے والی پوسٹس

اشتراک کریں

Facebook
Pinterest
LinkedIn
WhatsApp
Telegram
Print
Email