Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

فنگرپرنٹ اور ہماری شخصیت

فنگرپرنٹ اور ہماری شخصیت

جمیل احمد

دنیا کی کل آبادی تقریباً آٹھ ارب انسانوں پر مشتمل ہے، اور یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ کسی بھی انسان کی انگلیوں کے نشانات یعنی فنگر پرنٹ دوسرے انسان سے نہیں ملتے۔ یہ بہت دلچسپ بات ہے کہ سائنسدانوں کے اندازوں کے مطابق کسی انسان کےفنگر پرنٹ کی دوسرے انسان سے  مماثلت کا امکان 640 کھرب  میں سے ایک ہے!  یعنی اگر اس دنیا کی موجودہ آبادی جتنی آٹھ ہزار دنیائیں ہوں تو ان سب میں سے ایک! فنگر پرنٹس کی اس حیران کن خصوصیت میں کچھ تو ہے۔گویا قدرت نے ہر انسان کو اس دنیا میں منفرد بنا کر بھیجا ہے۔

بہت سی تحقیقی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا  ہے کہ ہمارے دماغی ڈھانچے اور انگلیوں کے نشانات کی ساخت میں باہم تعلق ہے۔ دونوں ماں کے پیٹ میں  13ویں ہفتے سے 24ویں ہفتے کے درمیان بننا شروع ہو جاتے ہیں۔

یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ ہمارے فنگر پرنٹس کے نمونے ہماری پیدائشی شخصیت، رویے، خوبیوں، کمزوریوں، سیکھنے کے انداز  اور شخصیت کے بہت سے دوسرے پہلوؤں کے بارے میں بہت کچھ ظاہر کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ  جن کی انگلیوں کے نشانات اچھی طرح سے نمو نہیں پاتے،ان کے  کسی نہ کسی جینیاتی عارضے میں مبتلا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

فنگر پرنٹس کی بنیادی طور پر 3 اقسام اور 13 سے زیادہ ذیلی قسمیں ہیں۔ یہاں ہم 3 اہم اقسام کا ذکر کریں گے۔

1۔لوپ(Loop) – 60 سے 65 فی صد افرادکے  فنگرپرنٹس میں لوپس ملتے ہیں۔

2۔دائرے (Whorl) – 30 سے 35فی صد افراد کے فنگر پرنٹس میں دائرے ہوتے  ہیں۔

3۔محراب(Arch) – 5فی صد افراد کے فنگر پرنٹس میں محراب دکھائی دیتے ہیں ۔

فنگرپرنٹس  کی ان بنیادی اقسام کی  کچھ خصوصیات ذیل میں دی گئی ہیں:

1۔LOOP

 خوشگوار  شخصیت، ہم آہنگی قائم رکھنے کا رجحان،  مضبوط رائے رکھتے ہیں  اور دوسروں کا احترام کرتے ہیں۔اکثریت  کے ساتھ چلنے میں خوش رہتے ہیں  اور عام طور پر مطمئن زندگی گزارتے ہیں۔ بہترین ساتھی  اور ملازم ثابت ہوتے ہیں۔ پرسکون رہتے ہیں اور لوگوں کی قیادت کر سکتے ہیں، تاہم بہت زیادہ منظم نہیں ہوتے۔ تبدیلی کو قبول کرتے ہیں اور  کام کے معاملے میں اچھی اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

2۔WHORL

اوسط درجے سے بہتر ذہانت کے حامل ہوتے ہیں۔آزاد اور حاوی ہونے والی  شخصیت ہوتے ہیں۔ پیروی کرنے کے مقابلے میں قیادت کرنے کی طرف زیادہ مائل ہوتے ہیں۔ اعلیٰ فہم و فراست اور شعور کے مالک ہوتے ہیں، مضبوط ارادے رکھتے ہیں، منظم ہوتے ہیں اور ان کی شخصیت  میں کنٹرول کرنے اور لچک کی کمی کا رجحان پایا جا سکتا ہے۔

3۔ARCH

 تجزیاتی، عملی اور محتاط ذہن رکھتے ہیں۔ روایتی اقدار کا خیال رکھتے ہیں،  اور تبدیلی کو پسند نہیں کرتے۔ ان کے ساتھ چلنا  مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ انھیں اپنے طریقوں سے ہٹنے میں دقت محسوس ہو سکتی ہے۔ طے شدہ طریق کار کی پابندی کرتے ہیں  اور اچانک تبدیلیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

فنگر پرنٹس اور کیرئیر کاؤنسلنگ

دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت سے تجربات کے مطابق، فنگر پرنٹس کی مدد سے جہاں شخصیت کے کئی پہلوؤں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، وہیں فنگر پرنٹس کا تجزیہ کر کے یہ اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آپ کے لیے کون سا کیرئیر موزوں ہے۔ گویا بچوں کے فنگر پرنٹس اور ان کی شخصیت کا ابتداء ہی میں جائزہ لے کر ان کے لیے موزوں کیرئیر تجویز کیے جا سکتے ہیں، تاکہ انھیں اپنی فطری صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے ترقی کے راستے پر گامزن ہونے میں مدد دی جا سکے۔ دیگر بہت سے فوائد حاصل کرنے کے علاوہ، اس سائنس کو کچھ ٹولز اور نفسیاتی تکنیکوں کے ساتھ استعمال کرکےاداروں  کو صحیح عہدوں کے لیے صحیح امیدواروں کی خدمات حاصل کرنے میں بھی مدد دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیرئیر کاؤنسلنگ کب ضروری ہے؟

آپ کا یا آپ کے بچے کے فنگر پرنٹس کا پیٹرن کیا ہے؟ یہ صحیح طور پر جاننے کے لیے آپ کو اس میدان کے کسی اچھے ماہر سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہو گی تاکہ  آپ کو اپنی پیدائشی شخصیت کی خصوصیات، فطری صلاحیتوں، رویے، خوبیوں، کمزوریوں ، سیکھنے کے انداز ،قابلیت،  اور کیرئیر کا رجحان معلوم کرنے میں مدد مل سکے۔

One Response

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *