جمیل احمد
آپ نے کبھی سوچا کہ آپ کی شخصیت کسی پرندے جیسی ہو سکتی ہے؟ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اس کا مطلب پرندوں کے پروں، گھونسلوں، یا ان کی شکل سے مماثلت نہیں ہے — اس کا تعلق DOPEپرسنیلٹی ٹیسٹ سے ہے۔چلیں ، اس سے پہلے کہ آپ کچھ اور سوچنا شروع کر دیں، ہم اس بات کی وضاحت کردیتے ہیں- کہ یہ منشیات کا ٹیسٹ بھی نہیں ہے، بلکہ ایک ایسا ٹیسٹ ہے جس کی مدد سے آپ کو اپنی شخصیت کی ایک دلکش جھلک دیکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پرندوں کی شخصیت کی 4 اقسام
آئیے دیکھتے ہیں کہ فاختہ، اُلّو، مور اور عُقاب کی خصوصیات کس طرح ہماری شخصیت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ آپ کی شخصیت کا یہ جائزہ محض ایک تفریح نہیں، بلکہ آپ کو اپنے اندر جھانکنے کا ایک انوکھا موقع فراہم کرتا ہے۔آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ آپ کی شخصیت کن خصوصیات کا مجموعہ ہے۔ پھر چاہے آپ سفارت کار فاختہ ہوں، ایک متحرک مور، ایک عقلمند اُلّو، یا ایک جرات مند عُقاب، آپ اپنی نمایاں خصوصیات کو سمجھ کر بہتر خود آگاہی کے ساتھ دوسروں کے ساتھ کامیاب تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔
1۔فاختہ(DOVE) ایک پرامن ساتھی:
ایک پُرسکون فاختہ کا تصور کریں—پرندوں کی دنیا کا سفارت کار۔ فاختہ لوگوں سے گھلنے ملنے والی، وفادار، محنتی، اورٹیم کی شاندار کھلاڑی شخصیت کی نمائندگی کرتی ہے۔ البتّہ، ایسے لوگ تبدیلی، تصادم، خطرہ مول لینے، اور جارحیت سے پرہیز کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گروپ میں امن قائم کرنے والے شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں ، تو آپ کی شخصیت میں فاختہ کی ‘ روح ‘ ہوسکتی ہے۔
2۔مور(PEACOCK)ایک دل موہ لینے والی شخصیت:
ذرا تصور کریں کہ ایک مور اپنے رنگ برنگے پرپھیلائے سحر انگیز رقص کر رہا ہے۔ آپ محسوس کریں گے کہ مور توجہ کا مرکز ہونے، اور جذبے اور جوش کو بڑھانے والی شخصیت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تاہم، ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ باتونی ہو سکتے ہیں اور تفصیلات پر نظر رکھنے اور وقت کے انتظام میں انھیں مشکل پیش آ سکتی ہے۔ اگر آپ محفل کی جان ہیں تو، شاید مور آپ کی شخصیت کی بہترین عکاسی کر سکتا ہے۔
3۔اُلّو (OWL) ایک عقلمند مبصّر:
ایک درخت پر بیٹھے ہوئے عقلمند اُلّو کا تصور کریں۔ آپ کو ایک منطقی، طریقہ کارکے مطابق چلنے والے اور اکثر کمال پرست لوگوں کا خیال آئے گا۔ وہ تفصیلات سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن فیصلہ سازی میں سُست ہوسکتے ہیں، قوانین اور منطق کی سختی سے پابندی کرتے ہیں۔ اگر آپ کو اعداد و شمار اور پیچیدہ منصوبہ بندی میں سکون ملتا ہے، تو اُلّو آپ کی شخصیت کی بہتر نمائندگی کرتا ہے۔
4۔ عُقاب (EAGLE) ایک دلیر اور بصیرت مند شخصیت:
آپ فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے پلٹتے جھپٹتے عقاب کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟ عقاب غالب، فیصلہ کن اور چیلنجوں میں زندگی گزارنے والی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ تاہم، وہ دو ٹوک، ضدی، اور کبھی کبھار دوسروں کی ضروریات کو نظر انداز کرنے والے بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ قدرتی طور پر چیلنجز سے نمٹنے میں دلچسپی رکھتے ہیں توہو سکتا ہے عُقاب آپ کی روح میں بسیرا کر رہا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: آپ کی شخصیت ان چار چیزوں میں پوشیدہ ہے
اپنے آپ کو دریافت کریں:
یاد رکھیں، شخصیت کی پرندوں سے مماثلت کسی قانون کا درجہ نہیں رکھتی؛ یہ محض آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو جاننے کا ایک ہلکا پھلکا انداز ہے۔ تاہم، لوگوں کی ان خصلتوں کو سمجھنا اکثر اوقات آپ کی بقا اور کامیابی کے لیے اہم ہو جاتا ہے۔ ذیل میں مختلف قسم کی شخصیات سے روابط کے بارے میں کچھ حکمت عملیوں پر بات کریں گے۔
سفارت کار فاختہ سے تعلقات:
جیسا کہ فاختہ شخصیت کے مالک افراد—لوگوں میں دلچسپی لینے والے، وفادار، اور ٹیم پر مرکوز ہوتے ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے، تعاون پر زور دیں اورتعاون پر مبنی کام کا ماحول بنائیں۔ ان کے ساتھ اچانک تصادم سے گریز کریں اور سفارتی انداز میں تبدیلیاں تجویز کریں۔ ایسے لوگوں کو پھلنے پھولنے اور ترقی میں مدد دینے کے لیے انھیں ایک مستحکم اور ہم آہنگی پر مبنی ماحول فراہم کریں۔
دلکش مور سے تعلقات:
ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ مور شخصیت کے حامل افراد توجہ کھینچتے ہیں اور جوش و جذبے کو پروان چڑھانے والے ہوتے ہیں۔ انہیں دلچسپ خیالات اور منصوبوں میں مصروف رکھ کر نمایاں ہونے کا موقع دیں۔ تاہم، ان کو کام تفویض کرتے ہوئے وقت کے انتظام کا خیال رکھیں اور انھیں واضح،اور جامع ہدایات دیں۔ ایسے لوگ تخلیقی صلاحیتوں اور سخت منظم کاموں کے درمیان توازن قائم رکھ سکتے ہیں۔
عقلمند اُلّو کے ساتھ تعلقات:
اُلّو شخصیت کے ساتھ کام کرنے کا مطلب ہے منطقی سوچ، تفصیلات پر توجہ، اور طریقہ کار کے ساتھ کام کرنے کی منصوبہ بندی۔ انھیں تسلّی اور اطمینان کے ساتھ کام کرنے کے لیے، اچھی طرح سے تحقیق شدہ ڈیٹا اور مکمل تجزیہ کی ضرورت ہوتی ہے۔البتہ ان کے ساتھ فیصلہ سازی کے عمل میں آپ کو صبر کا مظاہرہ کرنا ہو گا، اور کوشش کریں کہ ان کی منطقی سوچ کا احترام کریں۔ اس بات کی کافی زیادہ توقع کی جا سکتی ہے کہ ایسے لوگ آپ کی محنت اور پیچیدہ کاموں میں مصروفیت کی قدر کریں گے۔
جرات مند عقاب کے ساتھ پرواز:
ہم نے دیکھا کہ عقاب لوگ چیلنجوں سے کھیلنا پسند کرتے ہیں اور براہ راست ابلاغ کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے افراد کے سامنے واضح اہداف اور مقاصد پیش کرنے چاہییں، اور ان کے سامنے اپنی رائے کا اظہار کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے آپ کو فیصلہ کن انداز اختیار کرنا ہو گا۔آپ ان کے ساتھ مل کر چیلنجوں سے نمٹنے اور سنسنی خیز منصوبوں پر کام کرنے کا لطف اٹھائیں گے۔ البتہ کام کے دوران لچکدار اور جارحانہ رویہ برقرار رکھتے ہوئے بڑی تصویر پر نظر رکھنا نہ بھولیں۔
خلاصہ:
بنیادی طور پر، DOPEپرسنیلٹی ٹیسٹ محض آپ کی اپنی خصوصیات جاننے کا نام نہیں، بلکہ یہ مضبوط پیشہ ورانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک قیمتی ٹول کے طور پر کام کرتا ہے۔ تو اس ٹیسٹ سے فائدہ اٹھا کر اپنی نگاہ کو وسعت دیں، متنوع شخصیات کے ساتھ بہتر تعلقات کا لطف اٹھائیں، اور تعاون اور کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے خود کو تیار کریں۔
جمیل احمد
جمیل احمد تعلیم و تربیت کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تعلیم و تربیت، کیرئیر کاؤنسلنگ، کردار سازی، تعمیر شخصیت اور سیر و سیاحت ان کے پسندیدہ موضوعات ہیں۔
2 Responses