Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

دنیا بھر میں شادی کی دلچسپ رسمیں

شادی کی دلچسپ رسمیں

جمیل احمد

آج  ہم دیکھیں گے کہ دنیا بھر میں شادی کی دلچسپ رسمیں کون سی ہیں اور لوگ کس طرح اپنی شادیوں کو دلچسپ بناتے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ: دولہا اور دلہن کو کالا کرنا

اسکاٹ لینڈ میں شادی سے پہلے  “Blackening” کی رسم ادا کی جاتی  ہے جس میں دولہا اور دلہن کے دوست  اور کنبہ کے افراد نو بیاہتا جوڑے  پر  کیچڑ، سڑا ہوا کھانا اور پرندوں کے پر پھینکتے ہیں۔ ان کے ہاں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ مشکل آزمائش جوڑے کو اپنی شادی شدہ زندگی میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے  لیے تیار کرتی ہے۔

جرمنی: لکڑی کی گیلی  کاٹنے کی تقریب

شادی کی اس جرمن روایت میں، نوبیاہتا جوڑے اپنے مہمانوں کے سامنے لکڑی کی ایک گیلی (Log) کاٹتے ہیں۔ یہ عمل شادی شدہ  جوڑے کی رکاوٹوں پر قابو پانے اور اپنی زندگی  میں ایک ٹیم کے طور پر مل کر کام کرنے کی صلاحیت کی علامت ہے۔

روما کلچر: دلہن کو اغوا کرنا

روما کی ثقافت میں یہ ایک عام بات ہے کہ مردجس عورت سے شادی کرنا چاہتا ہے اپنے دوستوں کی مدد سے اسے  “اغوا” کر کے اپنے گھر لے جاتا  ہے۔  اس کے بعد دلہن کے خاندان کے ساتھ بات چیت ہوتی ہے۔یوں  شادی کی تقریب کا آغاز ہوتا ہے۔

افریقی امریکی ثقافت: جھاڑو پر کُودنا

افریقی-امریکی شادیوں میں، جوڑے اکثر نئی زندگی میں داخل ہونے کی علامت کے طور پر “جھاڑو پر کُودتے  ہیں”۔ اس روایت کی جڑیں افریقی تارکین وطن میں ہیں اور اس سے  جوڑے اپنے آباؤ اجداد کا احترام کرنے کا اظہار کرتے ہیں۔

انڈونیشیا: تین راتوں کے لیے واش  روم نہیں  جانا

انڈونیشیا کی ٹی  ڈونگ کمیونٹی میں شادی کی ایک انوکھی روایت ہے ۔شادی شدہ  جوڑے کو ان کے گھر تک محدود رکھا جاتا ہے، جہاں ان کے اہل خانہ اور دوست جوڑے پر  چاول، آٹے اور راکھ  کا  آمیزہ مل دیتے  ہیں۔ یہ رسم ان کے لیے انفرادی زندگی  سے شادی شدہ زندگی کی طرف  منتقلی کی علامت ہے۔ تین دن تک  دولہا اور دلہن کو واش  روم استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ان کا عقیدہ ہے کہ اس مشکل وقت کو ایک ساتھ برداشت کرنے سے جوڑے کوشادی کا  بندھن مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔ تین  دن کے بعد، جوڑے کو نہانے دھونے اور کپڑے تبدیل کرنے کی اجازت ملتی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ اب ان کی نئی زندگی کا آغاز ہو چکا ہے۔

کینیا: دلہن پر تھوکنا

کینیا کی ماسائی ثقافت میں، دلہن کا باپ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی بیٹی کے سر اور سینے پر تھوکتا  ہے۔ اس عمل کا مقصد جوڑے کے لیے اچھی قسمت اور خوشحالی کی توقع کرنا ہے۔

سویڈن: بوسہ لینے کی روایت

سویڈش شادیوں میں، اگر دولہا کمرے سے باہر نکل جائے تو تمام مرد مہمانوں کو دلہن کا  بوسہ لینے  کی اجازت ہے، اور اگر دلہن اپنی نشست چھوڑ دے تو خواتین مہمان دولہا کو چومنے کے لیے قطار میں لگ سکتی ہیں۔ یہ روایت مہمانوں کے لیے نوبیاہتا جوڑے کے ساتھ بات چیت کرنے کا ایک ہلکا پھلکا طریقہ ہے۔

پاک و ہند: دولہا کے جوتے چوری کرنا

پاک و ہند کی بہت سی  شادیوں میں دلہن کی بہنیں اور کزنز دولہا کے جوتے چرا کر چھپانے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس کے بعد دولہے کو اپنے جوتے واپس لینے کے لیے خواتین سے بات چیت کرنی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں اکثر ایک شرارت بھری  سودے بازی ہوتی ہے۔بالآخر دولہا کچھ رقم دے کر اپنے جوتے واپس حاصل کرتا ہے۔

یونان: برتن توڑنا

یونان میں، شادی کے مہمانوں کے استقبال  کے دوران برائیوں سے بچنے اور نوبیاہتا جوڑے کی خوش قسمتی کے لیے برتن توڑنا ایک عام بات ہے۔ اس کے بعد جوڑے ٹوٹے ہوئے ٹکڑوں کو ایک ساتھ صاف کرتے ہیں، جو زندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے کی ان کی صلاحیت کی علامت ہے۔ پلیٹ توڑنے کی اسی طرح کی لیکن قدرے مختلف شکل جنوبی قفقاز (جارجیا، آرمینیا، آذربائیجان) میں رائج ہے جہاں دولہا اور دلہن خوش قسمتی لانے اور کسی لعنت یا منتر کو توڑنے کے لیے دہلیز پر ایک پلیٹ توڑتے ہیں ۔اسی طرح کا شیشہ توڑنے کا کام یہودیوں کی شادیوں میں بھی کیا جاتا ہے۔

جنوبی کوریا: دولہے کے پاؤں پیٹنا

جنوبی کوریا کی شادیوں میں  ایک انوکھی اور چنچل رسم ہے جسے “بیلن بائی” یا “دولہے کے پاؤں پیٹنا” کہا جاتا ہے۔ شادی کی تقریب کے بعد، دولہے کے دوست اور خاندان والے اس کے جوتے اور موزے اتارتے ہیں، اس کے ٹخنوں کو آپس میں  باندھ دیتے ہیں، اور اس کے پاؤں کے تلوے کو چھڑی، راڈ  یا سوکھی مچھلی سے پیٹتے ہیں۔ دولہا اس مزاحیہ لیکن تکلیف دہ آزمائش کو برداشت کرتا ہے۔اس دوران وہ  مہمانوں  کی طرف سے پوچھی  گئی  پہیلیوں اور سوالات کے جواب بھی دیتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس  رسم سے دولہا کی طاقت اور کردار کی مضبوطی کا اندازہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ  یہ رسم نوبیاہتا جوڑے ، ان کے دوستوں اور کنبہ کے لیے تعلقات بڑھانے کے موقع  کے طور پر بھی ادا کی جاتی  ہے۔رسم کی ادائیگی کے دوران  ماحول ہلکا پھلکا اور پرلطف ہوتا ہے، اور دولہا سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ چہرے پر مسکراہٹ سجائے پُر  مزاح انداز میں  مار پیٹ برداشت کرے گا۔

چین: دلہن رونے کی رسم ادا کرتی ہے

اگرچہ  شادی کی تقریب میں آنسو بہانا ہر جگہ عام ہے، تاہم چین کے کچھ حصوں میں دلہن کو رونے کی باقاعدہ مشق کرنی پڑتی ہے۔ شادی کی تقریب سے ایک ماہ قبل، توجیہ  قبیلے کی  دلہنوں کو  ہر روز ایک گھنٹہ رونا پڑتا  ہے۔اس  رسم میں  دس دن تک اس کی  ماں اور دس دن اس  کی دادی بھی شامل ہوتی ہیں۔ یہ رسم اس  زمانے کی ہے جب ژاؤ شہزادی کی ماں اس کی  شادی پر رو پڑی تھی۔

وینزویلا: نوبیاہتا جوڑا خفیہ طور پر تقریب سے غائب ہو جاتا ہے

وینزویلا میں یہ روایت ہے کہ نئے شادی شدہ جوڑے اپنے مہمانوں کو الوداع کہے بغیر اپنی شادی کی تقریب  سے چپکے چپکے چلے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے قسمت ان پر مہربان ہوتی  ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشہور مٹھائیوں کی تاریخ

آسٹریلیا: مہمانوں کو خصوصی پتھر دیے جاتے ہیں

آسٹریلیائی شادی کی تقریب میں اتفاق  کی علامت کے طور پر  پیالے کی روایت قائم  ہے۔ مہمانوں کی آمد پر ان کو خصوصی  پتھر دیے جاتے ہیں جو انہیں تقریب کے دوران اپنے پاس رکھنا ہوتے ہیں۔ تقریب ختم ہونے پر، مہمان پتھروں کو ایک آرائشی پیالے میں رکھتے ہیں جسے شادی شدہ جوڑا  اپنے گھر میں سجاوٹ  کے لیے رکھتا ہے۔ایسا وہ  ان دوستوں اور خاندان کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنے  کے لیے کرتے ہیں جنہوں نے ان کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

فجی: دلہا دلہن کے باپ کو  وہیل کا دانت پیش کرتا ہے

فجی میں، دولہا اور اس کے اہل خانہ اکثر دلہن کے والد کو اجازت طلب کرنے کے لیے وہیل کا  دانت پیش کرتے ہیں ۔ اگرچہ یہ رسم  دیہی علاقوں میں زیادہ عام ہے، لیکن عملاً یہ پورے فجی میں رائج ہے۔ دانت، جسے tabua کہا جاتا ہے، کو فجی میں “مقدس” کے معنوں میں لیا جاتا ہے۔

شادی کی یہ دلچسپ رسمیں  ہماری دنیا کے بھرپور ثقافتی تنوع کو ظاہر کرتی ہیں، اور اس بات کو ظاہر کرتی  ہیں کہ دنیا کے مختلف حصوں میں لوگ شادی کو کس طرح بے شمار طریقوں سے منفرد اور دلکش بناتے ہیں۔

2 Responses

  1. Mr Jameel Ahmed is pioneer among the modern & innovative educationist who is promoting such programs & ideas in the AJK state, we never had before .

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

زیادہ پڑھی جانے والی پوسٹس

اشتراک کریں

Facebook
Pinterest
LinkedIn
WhatsApp
Telegram
Print
Email