محمد طاہر ربانی
زندگی کی پانچ اہم مہارتیں کون سی ہیں جن پر عبور حاصل کر کے آپ ایک بھرپور اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں؟ ذیل کی سطور میں ہم ان پر ایک طائرانہ نظر ڈالیں گے:
1۔سٹریس مینیجمنٹ
انسان کی زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی ۔اس میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں ۔سمجھدار انسان وہ ہوتے ہیں جو ہر طرح کے ماحول میں اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سٹریس بھی ایک ایسی ہی کیفیت ہے کہ جس میں اگر انسان اپنے آپ کو متوازن کرنا سیکھ لے تو زندگی بھی متوازن ہو جاتی ہے
مشق: گہرے سانس لیں
گہرے سانس لینے سے سٹریس کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔ گہرے سانس لینے سے آپ ذہنی طور پر اپنے بدن کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایسا ہو بھی جاتا ہے۔
2۔خود شناسی
خود شناسی انسان کو اپنی صلاحیتیں جانچنے کا موقع دیتی ہے۔ ایک خود شناس شخص ہی اپنے جذبات اور اپنے رد عمل کو قابو میں رکھ سکتا ہے یا بہتر انداز میں استعمال کر سکتا ہے ۔آپ اپنی ذات میں موجود کمزوریاں جان کر ان کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اسی طرح آپ میں موجود جو بہت ہی کمال کی صلاحیتیں ہوتی ہیں آپ ان کی مدد سے اپنے آپ کو بہت زیادہ بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھتے ہیں۔ آپ اپنے جذبات کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہیں اور موقع کی مناسبت سے اپنا رد عمل دیتے ہیں ۔اس لیے خود شناسی آج کے دور میں ایک ایسی مہارت ہے جو کہ انسان کی کامیابی کو چار چاند لگا دیتی ہے۔
3۔شخصی/ذاتی تنظیم /ٹائم مینجمنٹ
اگر آپ اپنے وقت کا درست استعمال نہیں کرتے تو یہ ہاتھ کے ہاتھ سے ایسے نکلتا چلا جاتا ہے جیسے ریت کے ذرات ۔
یہ بھی پڑھیں: اکیسویں صدی کی مہارتیں
اس لیے اپنے روزمرہ کے کاموں کو بہتر طور پر سرانجام دینے کی کوشش کریں۔ اپنی ترجیحات کا تعین کریں کہ یہ ترجیحات ہی آپ کو کامیاب انسان بنائیں گی۔ اہم کاموں کو پہلے کریں اور اس کے بعد جو کرنے والے کام ہیں ان کو ان کے وقت کے مطابق اہمیت دیں۔
مختصر عرصے میں یہ مہارت آپ کی زندگی کا حصہ بن جائے گی اور آپ کافی پرسکون ہو جائیں گے۔ زندگی کے بہت سارے معاملات بھی آپ کو آسان لگنا شروع ہو جائیں گے۔
4۔سیلف ڈسپلن
سیلف ڈسپلن سے مراد اپنی زندگی میں متعین کردہ اہداف اور ان کے اصولوں پر عمل کرنا ہے، یعنی اپنی زندگی کے لیے آپ نے جو بھی منصوبہ بندی کی ہے ان پلانز پر صحیح معنوں میں عمل درآمد کرنا ہی سیلف ڈسپلن ہے اور یہ تمام امور باقاعدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ہی سر انجام دیے جا سکتے ہیں۔ اس کے لیے اپنی ترجیحاتی فہرست تیار کریں اور اپنی زندگی کے متعین کردہ اہداف کو اس کے مطابق ترتیب سے تحریر کریں اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی طرف اپنے کامیابی کے سفر کو جاری رکھیں۔ یہ سب کچھ ایک ہی دن میں حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ مستقل مزاجی کے ساتھ اور روزانہ کچھ نہ کچھ کر کے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
5۔ٹیم ورک/اجتماعی سوچ
دنیا میں کوئی بھی انسان تنہا کامیابی حاصل نہیں کر سکتا کیونکہ ہم سب کسی نہ کسی حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ یقینا ہر ایک مختلف طرز عمل اور مختلف خاندانی پس منظر رکھتا ہے، اس لیے ایک دوسرے کو برداشت کرنا سیکھیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا سیکھیں۔ کیونکہ ہر شخص کسی نہ کسی خوبی کا حامل ہوتا ہے تو لوگوں میں ان کی خوبیوں کو ڈھونڈیں اور اگر آپ کسی کے لیے کچھ بہتر ہو سکتا ہے تو وہ بلا کسی تذبذب کے کر ڈالیں، کیونکہ اجتماعی سوچ ہی اجتماعی فائدے کا سبب بنتی ہے اور یہی اجتماعی سوچ یا اجتماعی فائدہ کائنات کا آفاقی اصول ہے جس کو وِن وِن سچویشن (win-win situation)کہا جاتا ہے۔
خلاصۂ کلام:
اگر آپ اپنی زندگی میں ان پانچ مہارتوں کو شامل کر لیتے ہیں تو پھر آپ یقینا سیلف مینجمنٹ کی طرف اپنے سفر کا آغاز کر دیتے ہیں۔ اس سیلف مینجمنٹ سے آپ سیلف کانفیڈنس کی طرف جاتے ہیں اور یہ جو سیلف کانفیڈنس ہے یہی آپ کی زندگی میں کامیابی کا اہم فیکٹر ہوتا ہے۔
محمد طاہر ربانی
محمد طاہر ربانی گزشتہ 22 سال سے تعلیم و تربیت کے پیشے سے منسلک ہیں۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں بطور انسٹرکٹر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ کم و بیش بیس ہزار اساتذہ کو تربیت دے چکے ہیں۔
One Response