جمیل احمد
زندگی میں ایک بامعنی، طویل مدتی مقصد کا ہونا آپ کے لیے ضروری ہے، لیکن زندگی کا مقصد کیسے تلاش کریں؟
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ زندگی کے مقصدکا گہرا احساس بہتر صحت، لمبی عمر، اور یہاں تک کہ معاشی کامیابی سے منسلک ہے۔ لیکن دیکھا گیا ہے کہ بہت سے نوجوان اپنی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد مقصد کی تلاش کرتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ایک بچہ جس نے معاشرتی ناانصافیوں کا سامنا کیا ہو وہ شہری حقوق کا وکیل بننے کا فیصلہ کرے، یا جو شدید بیماری کا شکار ہے وہ میڈیکل سائنس پڑھنے کی طرف راغب ہو جائے۔
اگرچہ کوئی مشکل یا چیلنج آپ کو مقصد کی طرف لے جا سکتا ہے، لیکن اپنے صحیح مقصد کو تلاش کرنا اس سے پہلے بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔ ایسی مشقیں جن کا مقصد آپ کی اقدار، دلچسپیوں اور مہارتوں کو اجاگر کرنا ہے، اور شکر گزاری جیسے مثبت جذبات پر عمل کرنا، آپ کو زندگی میں اپنا مقصد تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
تو اگر آپ بھی اپنی زندگی کے لیے کسی مقصد کی تلاش میں سرگرداں ہیں، تو ہم آپ کے لیے ذیل میں کچھ سفارشات درج کر رہے ہیں:
1۔ آپ کن چیزوں کا خیال رکھتے ہیں؟
آپ کے لیے کیا چیزاہم ہے؟ اس کی شناخت کرنا پہلا قدم ہے۔
آپ اپنے اردگرد کے ماحول —اپنے گھروں، معاشرے ، اور بڑی دنیاکے بارے میں سوچیں اور تصور کریں کہ اگر آپ کے پاس جادو کی چھڑی ہوتی تو تو آپ کیا کرتے۔ آپ اپنے تصور میں جو کچھ بھی تبدیل کرنا چاہتے تھے اسے تبدیل کریں ، اور یہ بھی سوچیں کہ آپ اسے کیوں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد، آپ اپنی سوچ کو مزید ٹھوس اقدامات پر غور کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں ، تاکہ آپ اپنے آئیڈیل کے قریب پہنچنے کے لیے اپنا حصہ ڈال سکیں۔
ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ اپنے آپ سے تین سوالات کریں:
-آپ کس چیز میں اچھے ہیں؟
-آپ کے پاس ایسی کون سی مہارت ہے جسے کسی مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
-آپ اپنے معاشرے کی بہتری کے لیے کیا کرنا چاہتے ہیں؟
ان سوالات پر غور کرنے سےآپ اپنے مقصد کو تلاش کرنے اور اس کے لیے ضروری مہارتیں حاصل کرنے کے بارے میں عملی اقدامات کر سکتے ہیں۔
2۔سب سے اہم کیا ہے؟
بعض اوقات بہت ساری چیزیں ہمارے لیے اہم ہوتی ہیں، لیکن یہ طے کریں کہ آپ کے لیے سب سے اہم کیا چیز ہے۔
آپ اپنے لیے سب سے اہم اقدار (Values)کا تعین کریں، اس کے لیے مختلف سوال نامے اور آزمائشیں استعمال کریں اور نتائج پر غور کریں۔یہ مشق آپ کے مقصد کو واضح کرنے میں مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔
جب آپ اپنی اقدار کا تعین کر لیں تو اس بات پر غور کریں کہ آپ ان اقدار کوزندگی میں کس طرح استعمال کر یں گے۔
3۔اپنی خوبیوں اور صلاحیتوں کو پہچانیں:
ہم سب کے پاس ایسی خوبیاں اور مہارتیں موجود ہوتی ہیں ، جو ہماری شخصیت کو منفرد بناتی ہیں۔
آپ اپنی ذاتی خوبیوں کو جاننے کے لیے کئی قسم کی مشقیں اور سوال نامے استعمال کر سکتے ہیں ، پھر ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے لائحۂ عمل تیار کر سکتے ہیں۔
اپنی خوبیوں اور مہارتوں کا پتہ لگانے کے لیے دوسروں سے—مثلاً اساتذہ، دوستوں، خاندان، ساتھیوں، اور سرپرستوں— سے پوچھنا بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ آپ پانچ لوگوں کو ای میلز یا واٹس ایپ پیغام بھیجیں جو آپ کو اچھی طرح جانتے ہوں اور ان سے یہ سوالات پوچھیں:
-آپ کے نزدیک میں خاص طور پرکس چیز میں اچھا ہوں؟
-آپ کے خیال میں، میں کس چیز سے واقعی میں لطف اندوز ہوتی ہوں؟
-کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں دنیا پر کوئی اثر چھوڑجاؤں گا؟اگر ہاں تو کیسے؟
ان سوالات سے ملنے والے جوابات پر غور کریں اور اپنی شخصیت سے ان کا موازنہ کرنے زندگی کا مقصد تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

4۔رضاکارانہ کام میں شمولیت اختیار کریں:
کسی تنظیم میں اپنی دلچسپی کی رضاکارانہ خدمات انجام دینا آپ کو اپنے مقصد کا تعین کرنے میں بڑی مدد دے سکتا ہے۔
دوسروں کی خدمت کرنے والی تنظیم کے ساتھ رضاکارانہ کام کرنے سے آپ کو ہم خیال لوگوں سے ملنے اور ان کے ساتھ اپنے خیالات کے اشتراک کا موقع ملے گا۔ اس کا اضافی فائدہ یہ ہے کہ رضاکارانہ خدمات ہماری جسمانی و ذہنی صحت کے لیے بھی اچھی ہیں۔ لہٰذا سوچ سمجھ کر رضاکارانہ خدمات کا انتخاب کریں تاکہ آپ بامعنی کام کر سکیں۔
5۔شکر گزاری جیسے مثبت جذبات کو پروان چڑھائیں:
شکر گزاری اور دوسروں کی مدد جیسے مثبت جذبات آپ کو مقصد کی تلاش میں مدد دیتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان جذبات کا تعلق زندگی کا مقصد تلاش کرنے، اور دوسروں کی فلاح و بہبودسے ہے، جو ہمیں یہ سوچنے میں مدد دیتے ہیں کہ ہم دنیا میں کیسے اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
شکر گزاری کا جذبہ پیدا کرنے کے بہت سے طریقے ہیں۔اپنے آس پاس بکھری فطرت کی خوبصورتی دیکھ کر یا کسی متاثر کن لمحے کو یاد کرکے آپ اپنے اندر شکر گزاری کا احساس پیدا کر سکتے ہیں۔ یا کسی ایسے شخص کو یاد کریں جس نے زندگی میں آپ کی مدد کی ہو، اس کو شکریے کا پیغام بھیجیں۔ غرض ہمارے آس پاس اور خود ہمارے اندر کئی ایسے مظاہر ہیں جو بے اختیار ہمیں شکر ادا کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میٹرک کے بعد مضامین کا انتخاب کیسے کریں؟
6۔ آپ کن لوگوں کو سراہتے ہیں؟
بعض اوقات جن لوگوں کو ہم بہت زیادہ سراہتے ہیں، ان کی زندگیوں سے بھی ہمیں ایسے اشارے ملتے ہیں کہ ہم اس دنیا کو بہتر بنانے میں کس طرح اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ عظیم مذہبی، سیاسی، سماجی یا تعلیمی ہیروز، یا سوشل ورکرز کے کام کے بارے میں پڑھنا ہمیں ایک اخلاقی تحریک دے سکتا ہے جو آگے چل کرہمیں عظیم تر بھلائی کے کام کرنے پر ابھار سکتا ہے۔
آخری بات:
زندگی میں اپنا مقصد تلاش کرنے اور اسے حاصل کرنے کے لیے دولت یا شہرت کی ضرورت نہیں۔ آپ کو صرف اپنے اندردیانت داری سے جھانکنے کی ضرورت ہے — اس سمت میں چھوٹے قدم اٹھانا شروع کریں ؛ یہی آپ کو اپنی منزل کی طرف لے جائیں گے۔
جمیل احمد
جمیل احمد تعلیم و تربیت کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تعلیم و تربیت، کیرئیر کاؤنسلنگ، کردار سازی، تعمیر شخصیت اور سیر و سیاحت ان کے پسندیدہ موضوعات ہیں۔
2 Responses