Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

دم توڑتے ہوئے پیشے

دم توڑتے ہوئے پیشے

جمیل احمد

کورونا  کی وبا کے بعد اگرچہ معیشت میں کچھ بہتری آ رہی ہے ، تاہم دنیا کو  بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اخراجات کے دباؤ کا چیلنج بھی درپیش ہے۔اجرت میں اضافے کے ساتھ ہی کمپنیاں سستی لیبر تلاش کرنے کی طرف راغب ہو رہی ہیں۔اگرچہ آٹومیشن کئی دہائیوں سے مینوفیکچرنگ کی بہت سی ملازمتوں کی جگہ لے چکی  ہے، اب دفتری کارکن بھی اپنی ملازمتوں کے حوالے سے بے یقینی کا شکار ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی بے تحاشا  ترقی کے ساتھ،ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کی لا تعداد  نوکریاں ختم  ہو سکتی ہیں۔

ایسی صورت حال میں اگرچہ اب بھی درج ذیل ملازمتوں کے مواقع کسی حد تک موجود رہیں گے، لیکن ان میں سے بہت سے روایتی پیشے لوگوں کی سوچ سے جلد ختم  ہو سکتے ہیں:

1. مالیاتی تجزیہ کار(Financial Analyst)

ایک مالیاتی تجزیہ کار عام طور پر ڈیٹا اکٹھا کرکے معاشی رجحانات، کاروباری مواقع، اور سرمایہ کاری کا جائزہ لے کر مستقبل کے مواقع کے بارے میں سفارشات تیار کرتا ہے، اور بعض کاروباری فیصلوں کے نتائج کا جائزہ لیتا ہے۔

اب ایسا مالیاتی سافٹ ویئر دستیاب ہے جومنٹوں اور سیکنڈوں میں انسان کی طرح  ڈیٹا کو پڑھ سکتا ہے اوراس کا  تجزیہ کر سکتا ہے ۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اب  کاروباری اداروں کو بڑے مالی فیصلے کرنے میں رہنمائی ملے  گی،اور لوگوں کو ایکسل اسپریڈ شیٹس میں ڈیٹا کا تجزیہ کرنے  میں گھنٹوں محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

2. انتظامی اور ایگزیکٹو سیکرٹریز (Administrative and Executive Secretaries)

گزشتہ بیس بائیس سالوں میں سیکرٹری اور انتظامی معاون کی تقریباً 1.6 ملین سے زیادہ ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں، جو کہ اس نوعیت کی ملازمتوں میں بہت بڑی کمی ہے۔اس کمی میں  ٹیکنالوجی کا بڑا کردار  ہے، کیونکہ اب دفتری سربراہان اور کاروباری  مالکان بہت سے کام خود کر سکتے ہیں۔ الیکٹرانک ڈیٹا کی شکل میں فائلوں  اور ریکارڈ تک رسائی بہت آسان ہو گئی ہے۔ کارپوریٹ ایگزیکٹو  اکثر اپنی پروازیں خود بک کرواتے ہیں اور میٹنگوں کا شیڈول خود طے کرتے ہیں۔ وہ آواز کی شناخت کرنے والے  سافٹ ویئر کی مدد سے اپنے میموبھی خود لکھ سکتے ہیں۔پھرکمپنیاں بہت   سے کام آؤٹ سورس کرنے کو ترجیح دینے لگی ہیں۔اس لحاظ سے  انتظامی عملے کا کام  بہت کم رہ جاتا ہے۔

3. انشورنس انڈر رائٹرز اور کلیمز کے نمائندے (Insurance Underwriters and Claims Representatives)

انشورنس کمپنیوں میں انڈر رائٹرز رسک  کا اندازہ کرنے  اور نفع و نقصان کا تخمینہ لگانے  میں مدد کرتے ہیں۔ اب یہ کام مصنوعی ذہانت کے سپرد ہو جائے گا کیونکہ ایسے سافٹ ویئر دستیاب ہیں  جو متن ، تصاویر، آڈیو اور ویڈیو سمیت دستیاب معلومات کی بنیاد پر تمام ڈیٹا کا تجزیہ اور تشریح کرکے ادائیگیوں کا حساب لگا سکتا ہے، اورسب جانتے ہیں کہ  سافٹ ویئر کتنی  تیزی سے کام کر سکتا ہے۔

یہ ویڈیو دیکھیں: 20 سکڑتے ہوئے اور 20 ابھرتے ہوئے پیشے

4. ڈسپیچر (Dispatcher)

ڈسپیچرملازمین کو ان جگہوں پر بھیجنے میں مدد دیتے  ہیں جہاں گاہک انتظار کر رہے ہوں۔اوبر، کریم ، ان ڈرائیو اور ان جیسی رائڈ شیئرنگ ایپس کی مدد سے ، اب کسی ڈسپیچرکی ضرورت نہیں رہے گی۔ ٹیکنالوجی اس کام کو بھی سنبھال لے گی۔

5. بک کیپر(Book Keeper)

بنیادی اکاؤنٹنگ سافٹ ویئر آسانی سے دستیاب ہونے کی وجہ سے، لوگ اپنی  مالیات پر نظر رکھنے کے لیے کسی بک کیپر کی خدمات حاصل کیے بغیر آسانی سے اپنے کاروبار کا انتظام کر سکتے ہیں۔ کچھ سافٹ ویئر بینک اکاؤنٹ کی معلومات بھی ڈاؤن لوڈ کر کے  سادہ ٹیکس فارم مکمل کر سکتے ہیں۔ جیسے جیسے ٹیکنالوجی زیادہ نفیس ہوتی جائے گی، چھوٹے کاروباری مالکان پیسے بچانے اور اپنی  مالیات کا آزادانہ انتظام کرنے میں سہولت  محسوس کریں  گے۔

6. پوسٹل ملازمین (Postal Employees)

ڈاک تقسیم کرنے والے ملازمین تو یوں ہی بڑی حد تک کم ہو چکے ہیں۔ اب دیگرملازمین مثلاً  کلرک، ڈاک چھانٹنے والے، اور پروسیسنگ مشین آپریٹرز بھی ٹیکنالوجی کی وجہ سے اپنی ملازمتیں کھو رہے ہیں۔ پوسٹل سروس سسٹم میں مشینوں کی آمد  کے ساتھ، اس شعبے میں کئی کردار بے کار ہو تے جا رہے ہیں۔

7. مالیاتی مشیر اور اسٹاک ٹریڈرز (Financial Advisors and Stock Traders)

سرمایہ کاری کے میدان میں  لوگوں کی جگہ الگورتھم کے استعمال نے  ہزاروں ملازمتیں ختم کر دی ہیں۔ نیویارک اسٹاک ایکسچینج کا فلور جو چند دہائیوں پہلے ہزاروں ٹریڈرز  سے بھرا ہوتا تھا،  محض چند سو تک چلا گیا ہے۔اب کاروباری لوگوں کو  مالیاتی مشیروں کی ضرورت بھی کم محسوس ہوتی ہے اور سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے کے لیے بھاری فیس ادا کرنے کی بجائے  وہ سستے بروکریج اکاؤنٹس کے ذریعے خود یہ کام کر سکتے ہیں۔

8. ٹریول ایجنٹس (Travel Agents)

بہت سے لوگ اپنے مطلوبہ مقامات خود تلاش  کرتے ہیں اور پروازوں سے لے کر ہوٹلوں اور ٹورز تک سب کچھ خود بُک کرتے ہیں۔چونکہ  بہت ساری معلومات اور قیمتوں کا موازنہ آسانی سے آن لائن کیا جا سکتا ہے، لہٰذا چھٹیوں کا بندوبست کرنے کے لیے ٹریول ایجنٹ پر انحصار  کرنا بہت سے لوگوں کے لیے اب قصۂ ماضی بن گیا ہے۔

9. مینوفیکچرنگ، کنسٹرکشن، اور جنرل لیبر (Manufacturing, Construction and General Labor)

لیبر سیکٹر آٹومیشن کی وجہ سے مسلسل خطرے میں ہے۔ روبوٹس نے پہلے ہی کئی ملازمتوں کی جگہ لے لی ہے، جیسے اسمبلی لائن ورکرز اور پیکیجرز۔ تعمیرات کے میدان  میں، مشینیں جلد ہی محنت طلب  اور خطرناک کاموں کو سنبھال لیں گی۔ بہت سے لوگ پیش گوئی کرتے ہیں کہ اینٹیں  لگانے والوں، کرین آپریٹرز، اور بلڈوزر ڈرائیور کی  پوزیشنیں جلد ہی مصنوعی ذہانت سے کنٹرول کی جانے  والی مشینوں کی آمد سے ختم ہو جائیں  گی۔

10. لائبریرین (Librarian)

بلاشبہ لائبریرین کے پاس بہت سا علم اور تجربہ ہوتا ہے اور وہ مطالعہ کرنے والوں کے لیے بہت  مددگارہوتے  ہیں۔لیکن وہ دن گئے جب یہ پوچھنے کے لیے لائبریرین کی ضرورت ہوتی تھی کہ آپ کی پسندیدہ کتاب لائبریری کے کس شیلف میں ہے۔البتہ لائبریرین  کا کردار بچوں کے لیےاب بھی کسی حد تک  ضروری ہے۔ بے شمار لائبریریاں پہلے ہی  ڈیجیٹلائز ہو چکی ہیں،تاہم بچوں کو آن لائن وسائل تلاش کرنے میں مدد دینے کے لیے ایک حد تک لائبریرین کی ضرورت ہو گی۔ایک جائزے کے مطابق سکولوں میں لائبریرین کی ملازمتوں کی تعداد کم ہوتی نظر آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکول اور کیرئیر کاؤنسلنگ

11. سیلز اور ٹیلی مارکیٹنگ (Sales and Telemarketing)

چونکہ لوگ اب بہت زیادہ آن لائن رہنے لگے ہیں، لہٰذا صارفین کوکال کر کے  پروڈکٹس یا خدمات کی طرف راغب کرنے کا طریقہ اب زیادہ موثر نہیں رہا۔ اب لوگوں کو چیزیں انٹرنیٹ پر آسانی سے دکھائی دیتی ہیں، اور ٹارگٹڈ اشتہارات کے ذریعے بڑی آسانی سے صارفین کی توجہ حاصل کی جا سکتی ہے۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ سمجھنا بہت آسان ہو گیا ہے کہ آن لائن صارفین کی ترجیحات کیا ہیں اور انھیں کون سے اشتہارات دکھائے جائیں۔اس طرح صارفین اب اپنے فون یا کمپیوٹر سے براہ راست خریداری کر سکتے ہیں۔

12. مترجم (Translator)

ترجمے کی خدمات کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے مقبول ہوتا جا رہا ہے۔ ایسا سافٹ ویئر پہلے ہی دستیاب ہے جو متن اور دستاویزات کو مطلوبہ  زبان میں ترجمہ کرنے میں مدد دیتا  ہے۔ بہت سے لوگ، خاص طور پر طلباء، گوگل ٹرانسلیٹ کا استعمال کرتے ہیں، جسے استعمال کرنا آسان ہے اور اس میں وقت بھی کم لگتا  ہے۔تاہم اس میدان میں ٹیکنالوجی کو اب بھی کافی بہتری کی ضرورت ہے۔ اگرچہ کل وقتی مترجمین کی مانگ کم ہو سکتی ہے، لیکن ممکنہ طور پر ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کردہ تراجم کا جائزہ لینے کے لیے ان کی ضرورت پھر بھی برقرار رہے گی۔

13. جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرنے والے (Property Brokers)

مہنگائی  میں اضافے کی وجہ سے، کم لوگ گھر خرید رہے ہیں جو جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرنے والوں کے لیے مشکلات پیدا  کر رہا ہے۔ لیکن اس کی ایک اور وجہ ٹیکنالوجی ہے۔ لوگ، خاص طور پر نوجوان، آن لائن حل تلاش کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ آن لائن پراپرٹی سائٹس کے ذریعے جلد اور بہت آسانی سے معلومات مل سکتی ہیں، جس سے لوگوں  کو  وقت اور اخراجات میں  بچت ہوتی ہے۔

14. بینک ٹیلر اور برانچ کے نمائندے (Bank Tellers and Branch Representatives)

بینک برانچوں میں دستیاب بینک ٹیلرز کی تعداد چند دہائیوں پہلے کے مقابلے میں  بہت ہی  کم ہے۔ ٹیلی فون، آن لائن بینکنگ، اور اے ٹی ایم کی موجودگی میں ، بینکوں میں ٹیلر اور دیگر نمائندوں کی ملازمتوں  کی اب کوئی اشد  ضرورت نہیں ہے۔بہت سے ماہرین  نے پیش گوئی کی ہے کہ بینک کی شاخیں بتدریج بند ہوتی جائیں  گی۔ بینک ٹیلر کی پوزیشن بالآخر ماضی کی بات بن جائے گی ، کیونکہ جلد ہی اکاؤنٹ کھولنے اور قرضوں کی پروسیسنگ پر ٹیکنالوجی کا راج ہو گا۔

یہ ویڈیو بھی دیکھیں: کون سے پیشے آپ کی شخصیت کے لیے موزوں ہیں؟

15. ریسٹورنٹ ورکرز (Restaurant Workers)

میز پر کھانا پہنچانے والوں  اور فاسٹ فوڈ ملازمین کی نوکریاں جلد ہی خطرے کی زد میں ہوں گی۔ بہت سے ریستوران پہلے سے ہی الیکٹرانک مینو اور آرڈرنگ سسٹم استعمال کر رہے ہیں، انہیں اب آرڈر لینے کے لیے اتنے سارے ملازمین  کی ضرورت نہیں ہے۔برگر فلپنگ روبوٹ آزمائشی مراحل میں ہیں۔ لیبر کی کمی، کم تنخواہ، اور تیز ترین  سروس کا دباؤ فاسٹ فوڈ کمپنیوں کو دوسرے آپشنز تلاش کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔ چونکہ فاسٹ فوڈ تیار کرنا آسان اور ایک جیسے انداز میں ہونے والا  کام ہے، اس لیے برگر بنانے  اور چپس  فرائی کرنے کا کام  آسانی سے مشینوں کو سونپا جا سکتا ہے جو یہ کام آدھے وقت میں کر سکتی ہیں۔

16. کھیلوں کے ریفری (Sports Referees)

کھیلوں میں  پہلے سے ہی ری پلے اور گول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے،جو فیصلہ کرنے میں انسانوں سے زیادہ قابل اعتماد ثابت ہورہی ہے ۔ریفریز کو یوں بھی ناراض شائقین کی طرف سے بدسلوکی کا خطرہ رہتا ہے، چاہے وہ صحیح فیصلہ دیں یا نہ دیں۔چونکہ ٹیکنالوجی ہماری  آنکھوں کے مقابلے میں  بہتر مشاہدہ کر لیتی ہے  اوراسے  چیلنج کیے جانے کا امکان بھی نہ ہونے کےبرابر ہے، لہٰذا ریفری کی ملازمتیں بھی  جلد ہی ختم ہو جائیں گی۔

تو مستقبل کے لیے کیسے  تیاری کی جائے؟

اگرچہ ان پیشوں کا مستقبل تاریک ہے، لیکن کارکن اس ٹیکنالوجی کو سیکھ کر نئے مواقع کے دروازے کھول سکتے ہیں جس نے ان پیشوں کی جگہ لی ہے۔ کچھ مشینوں کو چلانے اور مرمت کرنے کے لیے ہنر مند افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، بہت سی ملازمتیں جلد ختم نہیں ہونے والی ہیں، جیسے پلمبر، اساتذہ، اور سافٹ ویئر انجینئر؛ان کی طرف دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اگلے پیشے میں چھلانگ لگانے  سے پہلے، لیبر مارکیٹ کو چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں کوئی روبوٹ پھر سے آپ کی جگہ پر قبضہ تو نہیں کر لے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *