Afkaarافکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ
Add more content here...

افکار آپ کا اپنا اُردو بلاگ

share

describe your personality in job interview

انٹرویو میں اپنی شخصیت کو کیسے بیان کریں؟

جمیل احمد

ملازمت کے لیے انٹرویو میں کئی قسم کے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ آپ کو تیار رہنا چاہیے کہ آپ سے اپنی شخصیت کے بارے میں کچھ بیان کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔اگر آپ نے اپنی شخصیت کے بارے میں پہلے نہیں سوچا تو ہم یہاں 5 ایسے اقدامات کے بارے میں بتائیں گے جو آپ کو ملازمت کے انٹرویو کے دوران ‘اپنی شخصیت کی وضاحت’ کرنے میں مدد دے  سکتے ہیں۔

1۔اپنے آپ کو جانیں:

ملازمت کے بہت سے امیدوار انٹرویو کی تیاری کرتے ہوئے اپنی شخصیت کے بارے میں سوچنا  بھول جاتے ہیں۔جہاں آپ کو  متوقع کمپنی کے بارے میں جاننے اور اپنی اہم مہارتوں کی فہرست بنانے کی ضرورت ہے،وہاں اپنی  کچھ منفرد خصوصیات کی فہرست بھی ضرور بنائیں، جو آپ کی شخصیت کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ اپنی خوبیوں اور کمزوریوں کے بارے میں سوچیں اور غور کریں کہ آپ کی شخصیت کے کون سے پہلو  آپ کے خیالات، احساسات، طرز عمل اور زندگی  پر سب سے زیادہ اثر انداز ہوتے  ہیں۔

2۔ملازمت کی نوعیت سمجھیں:

اس بات کا خاص اہتمام کریں کہ آپ نے اس ملازمت کی تفصیل کو بغور پڑھ لیا ہے، اور  بنیادی ذمہ داریاں سمجھ لی ہیں، جس کے لیے آپ درخواست دے رہے ہیں۔پھر  آپ اپنی شخصیت کی خصوصیات کو مدنظر رکھ کر اندازہ کر سکتے ہیں کہ آپ اس ملازمت کے لیے کس حد تک موزوں ہیں۔ اس طرح  کا تجزیہ آپ کو یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ انٹرویو لینے والے کے نزدیک ایک مثالی امیدوار کس طرح کا ہو گا۔اس کے بعد آپ سوچیں کہ انٹرویو کے دوران آپ اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو کس طرح بہترین طریقے سے بیان کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مستقبل کی نوکریاں

3۔اپنی شخصیت کی خصوصیات کو پیشہ ورانہ انداز میں بیان کریں:

اب آپ ایسے موزوں الفاظ کے بارے میں سوچیں، جن کے ذریعے آپ اپنی شخصیت کو مطلوبہ انداز میں بیان کر سکیں،  جیسے ماحول کے مطابق ڈھل جانے والا، قابل رسائی یا پُر عزم۔ ایسے الفاظ کا استعمال ظاہر کرتا ہے کہ آپ اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ ہیں۔یہاں ہم  شخصیت کے پانچ بڑے خصائص کے بارے میں  بات کریں گے، جو آپ کو یہ سمجھنے میں مدد دیں گے  کہ آپ اپنے  جواب کو بہترین طریقے سے کیسے ترتیب دے سکتے ہیں۔ وہ پانچ خصائص ، جو انسان کی شخصیت پر سب سے زیادہ اثر ڈالتے ہیں،یہ ہیں:

i۔خوشگوار / رضامندی سے کام کرنے والے(Agreeable): اس خصلت کے حامل افراد اکثر ایسے کیریئر کے لیے موزوں ہوتے  ہیں، جس میں  دوسروں کی مدد کا کردار نمایاں ہو۔ وہ لوگوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں، ہمدرد ہوتے ہیں اور عام طور پر زیادہ تعاون کرنے والے ہوتے ہیں۔

ii۔باضمیر/ایماندار(Conscientious): ایسے  لوگ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا  پسند کرتے ہیں اور تیاری کے ساتھ کام کرنے کو اہمیت دیتے  ہیں۔ وہ تفصیلات پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں، اور اکثر اہداف مقرر کر کے کام کرتے ہیں۔

iii۔جلد گھل مل جانے والے(Extrovert):ایسے لوگ  عام طور پر سماجی طور پر جلد گھل مل جانے والے،کھل کر اور پر زور انداز میں بات کرنے والے ہوتے ہیں، جو لوگوں سے ملنے اور بات چیت کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ وہ آسانی سے دوسروں کی توجہ کا مرکز بن  سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ رہ کر  متحرک محسوس کر تے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثراوقات وہ  ٹیم کے بہترین ممبر اور مینیجرثابت ہوتے  ہیں۔

iv۔الجھے ہوئے/پریشان/جھلائے ہوئے(Neurotic): یہ خاصیت اکثر اداسی یا موڈی  پن کی نشاندہی کرتی ہے۔ نوکری کے انٹرویو کے دوران اس کا ذکر نہ ہی کریں تو  بہتر ہے۔

v۔کھلی شخصیت کے مالک (Open): اس خصلت کے حامل لوگ تخلیقی ہوتے ہیں اور عام طور پر ان کی بہت سی دلچسپیاں ہوتی ہیں۔ وہ نئے چیلنجوں کو پسند کرتے ہیں اور کام سے متعلق  تجریدی یا غیر واضح تصورات کے بارے میں آسانی سے سوچ سکتے ہیں۔

4۔سوال پر غور کریں:

اگرچہ شخصیت کا سوال کئی طریقوں سے پوچھا جا  سکتا ہے، لیکن انٹرویو لینے والے عام طور پر اس بارے میں سیدھا سا سوال کرتے  ہیں اور آپ سے اپنے آپ کو بیان کرنے کو کہتے ہیں۔ لہٰذا جواب دینے سے پہلے  سوچیں کہ وہ کیا سننے کی توقع کریں گے۔مثلاً،  آپ جس جاب  کے لیے درخواست دے رہے ہیں، اس کی بنیاد پروہ  توقع کر سکتے ہیں کہ آپ لوگوں کے ساتھ کام کر کے اچھا محسوس کریں گے یا یہ کہ آپ ایک آزادقسم کی شخصیت  ہیں جو اپنے طور پر کام کر کے آگے بڑھنا چاہتا ہے۔

5۔واضح کریں  کہ آپ کی شخصیت آپ کو جاب  میں کامیاب ہونے میں مدد دے سکتی ہے:

انٹرویو لینے والے عموماً توقع کرتے ہیں کہ  آپ کی شخصیت آپ کو اس جاب  میں کامیاب ہونے میں مدد کر سکتی ہے جس کے لیے آپ درخواست دے رہے ہیں۔ آپ اپنے  جواب میں، اپنی انفرادی خصوصیات کو ملازمت کی مخصوص ذمہ داریوں سے جوڑنے پر غور کریں۔ملازمت کے  بنیادی فرائض اور ذمہ داریوں پر ضرورتوجہ  دیں۔ آپ انہیں یہ بھی سمجھا سکتے ہیں کہ اپنے شعبے میں کام کر کے آپ کیسا محسوس کریں گے۔ اس سے آپ اپنے آپ کو ایک پرجوش اور متحرک امیدوار کے طور پر ظاہر کر سکیں گے۔

انٹرویو کے سوال ‘اپنی شخصیت کے بارے میں  بیان کریں’ کے چند مثالی جوابات:

یہاں کیریئر کے مختلف شعبوں کے حوالے سے چند نمونے کے جوابات دیے جا رہے ہیں، جنہیں آپ ملازمت کے انٹرویو میں اپنی شخصیت کے بارے میں جواب دینے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں:

کسٹمر سروس میں شخصیت:

اگر آپ کسٹمر سروس کے شعبے میں ملازمت کے لیے انٹرویودے  رہے ہیں، تو انٹرویو کرنے والے جاننا چاہیں گےکہ آپ  مشکل حالات میں کیسا رد عمل ظاہر کریں گےیا مشکل گاہکوں کے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔ اس سوال کا جواب دینے کے لیے، آپ اپنی جذباتی ذہانت اور حاضر دماغی  پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں اور وضاحت کر سکتے ہیں کہ یہ خصوصیات آپ کو کمپنی کی بہترین کسٹمر سروس کو برقرار رکھنے میں کس طرح مدد دیں  گی۔

مثال: ‘مجھے یقین ہے کہ’ گھل مل جانے والا، قابل رسائی اور خوش مزاج ‘ میری شخصیت کو بہترین انداز میں بیان کرتے ہیں۔ میرے ساتھی کارکن بھی شاید مجھے پر امید اورشگفتہ مزاج  قرار دیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں فطری طور پر مشکل حالات میں بھی مثبت چیزیں تلاش کرتا  ہوں اور اکثر انہیں خوشی خوشی ہینڈل کرتا ہوں۔’

طبی میدان میں شخصیت:

انٹرویو لینے والے طبی ملازمت کے انٹرویوز میں شخصیت کے بارے میں یہ سمجھنے کے لیےسوال پوچھتے ہیں کہ امیدوار مریضوں اور دیگر طبی عملے کے ساتھ کام کیسے کریں گے۔  طبی میدان میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد  عام طور پر بیک وقت توجہ دینے والے  اور ہمدرد ہوتے ہیں۔ اگر آپ اپنے جواب میں ان خصوصیات کو ظاہر کر سکتے ہیں، تو آپ انٹرویو لینے والوں پر اچھا تاثر بنانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

مثال: ‘میں کہوں گا کہ میری شخصیت کی اہم خصوصیات شعور اور کھلا پن ہیں۔ میں ایک غیر متزلزل اردے کا مالک شخص ہوں، یعنی میں انفرادی طور پر مسائل کی تحقیق میں خوشی محسوس کرتا  ہوں، لیکن لوگوں کے ساتھ طویل عرصے تک بھی کام  کر سکتا ہوں۔ میں یہ بھی کہہ سکتا ہوں کہ میں آسانی سے قابل رسائی اور کرشماتی شخصیت کا حامل شخص  ہوں۔’

دفتری ملازمتوں میں شخصیت:

بہت ساری دفتری ملازمتوں میں آپ کو دوسرے لوگوں کے ساتھ سخت مصروفیت کے عالم میں کام کرنا ہوتا ہے،اور ساتھ ساتھ  اپنے کاموں کو مکمل بھی کرنا ہوتا  ہے۔ اگر آپ دفتری ملازمت کے لیے درخواست دے رہے ہیں، تو ایک انٹرویو لینے والا پوچھ سکتا ہے کہ آپ کو اس طرح کے کام کے ماحول کے لیےشخصیت کی کون سی خصوصیات اہل بناتی ہیں۔ اس سوال کا جواب دینے کے لیے، آپ اتفاق سے کام کرنے  اور کھلے پن کی خصوصیات بیان  کر سکتے ہیں۔

مثال: ‘مجھے لگتا ہے کہ میری تفصیلات  پر توجہ رہتی ہے، اور کام کے مصروف ماحول میں آسانی سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میری شخصیت کو منفرد بناتی ہے۔ میں ایک منظم شخص ہوں اور اپنے کاموں کو کنٹرول  میں رکھنا پسند کرتا ہوں، لیکن میں یہ بھی آسانی سے سمجھ سکتا ہوں کہ ہر کوئی ایک جیسا محسوس نہیں کرتا۔ اس سے مجھے دوسروں کے ساتھ ،ان کی شخصیت سے قطع نظر، اچھے تعلقات رکھنے ہوتے ہیں۔ جب میں دوسروں کو ان کے وقت کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہوں ، توخود کو  کافی تخلیقی محسوس کرتا ہوں، کیونکہ اس سے مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں بھی ان کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈال رہا  ہوں۔’

شخصیت کے انٹرویو کے اضافی سوالات:

انٹرویو لینے والے شخصیت کے بارے میں آپ سے اس قسم کے سوالات بھی  پوچھ سکتے ہیں:

.…. کام کے علاوہ آپ کے دیگر مشاغل کیا ہیں؟

…..آپ کی دلچسپیاں آپ کی مہارتوں کو آگے بڑھانے اور  کامیاب ہونے میں آپ کی مدد کیسے کرتی ہیں؟

…..اگر آپ اپنی شخصیت کی کسی  ایک چیز کو بدل سکتے ہیں، تو وہ کیا ہوگی؟

…..آپ کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لیے کیا چیز تحریک دیتی ہے؟

…..آپ ٹیم کے اندر کام کرنا پسند کرتے ہیں یا اپنے طور پر؟

…..آپ کام میں اچانک تبدیلیوں پر کیامحسوس کرتے ہیں؟

…..آپ کس طرح دباؤ کا شکار گاہک سے ملیں گے اور اسے مطمئن  کریں گے؟

…..جب کوئی آپ کو کام کے دوران روکتا ہے تو آپ کیسا محسوس کرتے ہیں؟

شخصیت کیا ہے؟

شخصیت آپ کے طرز عمل، ادراک اور جذبات کا ایک منفرد  امتزاج ہے۔ آپ کی شخصیت ہی  وہ بنیادی چیز ہے جو مختلف حالات میں آپ کے سوچنے، محسوس کرنے اور عمل کرنے کے طریقےپر اثر انداز ہوتی ہے۔ شخصیت بتاتی ہے کہ آپ کون ہیں اور کیا چیز آپ کو کسی دوسرے شخص سے مختلف بناتی ہے۔ آپ کی شخصیت کو متاثر کرنے والے سب سے اہم عناصر موروثی خصوصیات، حالات اور ماحولیاتی عوامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مختلف ماحول میں پرورش پانے والے ایک جیسے جڑواں بچے بھی نمایاں طور پر مختلف شخصیت کے حامل ہو سکتے ہیں۔

انٹرویو لینے والےشخصیت کے بارے میں سوال کیوں پوچھتے ہیں؟

انٹرویو لینے والے دراصل یہ جانناچاہتے ہیں  کہ آیا آپ ٹیم کے لیے موزوں ہیں اور کیا کام کا ماحول آپ کے لیے موزوں ہے۔ وہ آپ کی انفرادی خصوصیات کے بارے میں جان کر آپ کے کچھ رویوں کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ کی شخصیت اس بات پر اثر انداز ہو سکتی ہے کہ آپ مختلف قسم کے ماحول  میں کیسا  رد عمل ظاہر کرتے ہیں، یا  آپ کس حد تک دباؤ والے حالات کو سنبھال سکتے ہیں۔

انٹرویو لینے والےیہ بھی سمجھنا چاہتے ہیں کہ آپ خود کو  اور اپنی منفرد صلاحیتوں کو کیسے دیکھتے ہیں۔ وہ عام طور پر چاہتے ہیں کہ آپ اپنی شخصیت کے تمام اجزاء کے بارے میں بات کریں، جن میں آپ کے احساسات، سوچ کے انداز اور طرز عمل شامل ہیں۔ کچھ انٹرویو لینے والے یہ سوال اس لیے بھی پوچھتے  ہیں کہ وہ جان سکیں کہ  ان کے پاس کتنے امیدوار  ہیں جن کی اہلیت اور پس منظر ملتے جلتے ہیں۔ لہذا،امیدواروں کی شخصیتوں کو جاننا انٹرویو لینے والے کوکام کے بارے میں ان کی موزونیت کو سمجھنے میں کافی مدد  دیتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

زیادہ پڑھی جانے والی پوسٹس

اشتراک کریں

Facebook
Pinterest
LinkedIn
WhatsApp
Telegram
Print
Email