ہمیں لکھاری ہونے کا دعویٰ ہے نہ زبان دان ہونے کا زعم۔سوچتے ہیں تو یاد آتا ہے کہ اُردو سے ہماری جان پہچان کے تانے بانے شاید ہمارے سکول کے زمانے سے جا ملتے ہیں، جب اُردو کے اُستاد صاحب نے ہماری اُردو کی نوٹ بک پوری کلاس کو دکھا کر خاکسار کی خوش خطی کی تعریف کی تھی۔اُستاد کی شاباش نے ہمیں اُردو کے قریب کر دیا۔میٹرک کا امتحان جُونہی ختم ہوا، ہمارے دن سکول کی لائبریری میں گزرنے لگے۔پھر کالج کا زمانہ آیا،جہاں ایک بار پھر اُردو کے اچھے اُستاد ملے۔یو نیورسٹی میں پہنچے تو ہمیں لکھنے کا شوق چرایا۔گاہے بگاہے اخبار میں تعلیمی سرگرمیوں کی رُودادیں لکھیں ،اخبار کی نمائندگی حاصل کی، رسائل میں مضامین لکھنے کی کوشش کی اور ایک آدھ مجلّے کی اِدارت پر طبع آزمائی بھی کی۔پھر یوں ہوا کہ غم ِروزگار نے لکھنے لکھانے کا سلسلہ منقطع کر دیا۔مَہ و سال یونہی گزرتے گئے، یاد ہی نہ رہا کہ کبھی ہمیں لکھنے کا شوق ہوا کرتا تھا۔ایک عرصے بعد جب طبیعت سیر و سیّاحت کی طرف مائل ہوئی تو ایک دوست نے سوال داغا ۔۔۔ آپ لکھتے کیوں نہیں؟ ۔۔۔ سوچا، کیا لکھیں؟ دل کے کسی گوشے سے جواب ملا، سفر کی رُودادیں ہی سہی۔سو بات سفر کی رُودادوں سے تعلیم و تربیت ، تعمیرِ شخصیّت ، کیرئیر کاؤنسلنگ، سماجی اور پیشہ ورانہ موضوعات کی طرف چل نکلی۔بس اتنا سا فسانہ ہے قلم سے ہمارے رشتے کا؛ اور یہی افکار کے برقی صفحات کو آپ کے سامنے پیش کرنے کا مُحرِّک بنا ہے۔
افکار اُن کے لیے ہے، جولکھتے ہیں،لکھنا اور اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ آپ مضمون نگار ہیں یا کالم نویس، افسانہ طراز ہیں یا غزل گو اور نظم پیرا، افکار میں ہم آپ سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ افکار کے صفحات آپ کی نِگارشات سے سجائے جا رہے ہیں۔منجھے ہوئے قلم کاروں کے لیے افکار دیدہ و دل فرش راہ ہے ہی، اُبھرتے ہوئے اور نئے لکھنے والوں کے لیے بھی ہمارے دروازے کھُلے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ ان صفحات پر لکھنے والے جہاں زبان و بیان، طرزِ ادا اور متن کی اخلاقیات کے بُنیادی اُصولوں کی پاسداری کریں، وہیں اپنی اقدار، خُوب صورت ثقافت و معاشرت ، اور مثبت طرزِ فکر کی عکاسی بھی کریں۔مسائل اور اختلافات ہماری زندگی کا حصّہ ہیں، اگر پیرایۂ اظہار خُوب صورت ہو گا تو مُشکل سے مُشکل بات کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
ہمیں اُمید ہے کہ افکار آپ اور ہم سب کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہو گا جہاں عِلم، تربیت،اقدار،برداشت، اور مثبت طرزِ فکر کو لے کر ایک دوسرے سے سیکھنا ممکن ہو گا۔قلم اٹھائیں ، اپنے افکار کو الفاظ کا رُوپ دیں ، اور ہم سے رابطہ کریں۔بہت سےقارئین آپ کے خیالات کے بارے میں جاننے کے منتظر ہیں۔