جمیل احمد
ہم ایک ایسے دور میں رہ رہے ہیں جہاں ‘مصروفیت’ کا فریب ہمارے حقیقی کام کو کہیں پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔ہمیں لگتا ہے کہ ہم پہلے سے کہیں زیادہ مصروف ہو گئے ہیں، اور ہمارے پاس کوئی اور کام کرنے کے لیے بالکل وقت نہیں ہے۔ لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا لگاتار مصروفیت واقعی کارکردگی کی علامت ہے، یا ہماری حقیقی کام کرنے کی صلاحیت اس کے پردے میں کہیں چھُپ جاتی ہے؟ آئیے اس معمے میں جھانکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کام اور مصروفیت کے بارے میں عام غلط فہمی
اکثر حلقوں میں عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ایک مصروف شیڈول اس بات کی علامت ہے کہ آپ بہت ‘کام’ کر رہے ہیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ جوشخص اوور ٹائم لگاتا ہے یا وہ مینیجر جو بہت زیادہ میٹنگز میں مصروف رہتا ہے، اس کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ بہت زیادہ کام کرنے والا ہے، تاہم، کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کا سارا کام بہت مؤثر اور نتیجہ خیز ہو گا؟ ایسا ضروری نہیں۔ حقیقی طور پر کام کرنے کا تعلق مصروف نظر آنے سے نہیں ہے، بلکہ اس کام سے ہے جس سے آپ کے مقاصد حاصل ہوں اور کام کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔
نتیجہ خیز کام اور مصروفیت میں فرق
سب سے پہلے ہم دیکھتے ہیں کہ ایک نتیجہ خیز اور پیداواری کام کرنے والے اور ایک مصروف نظر آنے والے شخص میں کیا فرق ہو سکتا ہے۔
نتیجہ خیز اور پیداواری کام کرنے والا شخص
نتیجہ خیز ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہر روز، تھوڑا ہی سہی، اپنے مقصد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تصور کریں کہ آپ اپنا بلاگ بنا رہے ہیں اوربہت سے فالوورز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ جمعہ کے روز تک آپ کا بلاگ شائع ہو جائے۔تو ایک پیداواری شخص کے طور پر آپ کے کاموں کی ترتیب کچھ اس قسم کی ہو گی:
-پیر: ڈومین نام خریدنا/ویب سائٹ بنانا
-منگل: بلاگ کا مرکزی پیغام اور برانڈنگ کی حکمت عملی تیار کرنا
-بدھ: پہلی بلاگ پوسٹ لکھنا
-جمعرات: نئی ڈیزائن کردہ ویب سائٹ پر اسے اپ لوڈ کرنا
-جمعہ: بلاگ کی تشہیر اور اس کا فیڈ بیک حاصل کرنا
زبردست! کچھ نہ کچھ کام ہو ہی گیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ پرفیکٹ نہ ہو، لیکن کم از کم بلاگ چل تو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: منظم زندگی
ایک مصروف نظر آنے والا شخص
اب اسی کام کو ذہن میں رکھتے ہوئے سوچیں کہ اس بار آپ نتیجہ خیز شخص نہیں بلکہ ایک “مصروف” شخص ہیں۔ اب آپ کیا کر رہے ہوں گے؟ ہو سکتا ہے آپ اپنا سارا وقت تحقیق کرنے میں، تمام امکانات کو تلاش کرنے، کام کی لمبی فہرستیں بنانے ، اور چیزوں کو شروع کرنے سے پہلے پرفیکٹ بنانے کی کوشش میں لگا دیں۔ آپ مصروف نظر آنے کے لیے سارا دن اسی طرح گزار سکتے ہیں۔ مصروف لوگ زیادہ سوچتے رہتے ہیں؛وہ اپنے کاموں کو لا متناہی وقت تک لمبا کر سکتے ہیں۔ عین ممکن ہے ایک بلاگ شروع کرنے میں مصروف شخص ایک نتیجہ خیز شخص کے وقت اور کوشش سے تین گنا زیادہ وقت لے، اور پھر بھی شکایت کرے کہ اس کے پاس کام کرنے کے لیے کافی وقت نہیں ہے۔
مصروف لوگ “مصروف نظر آنے” میں کمال کے ہوتے ہیں، جب کہ پیداواری لوگ کام کو مکمل کر کے دکھاتے ہیں۔ ایک نتیجہ خیز شخص کے کاموں کی فہرست میں یہ چیز شامل نہیں ہو گی کہ”رپورٹس کے بارے میں فاخر کو کال کرنی ہے۔” کیونکہ وہ اسے پہلے ہی فون کر چکے ہیں اور اسے مکمل کر چکے ہیں۔ان کی ترجیح ہوتی ہے کہ وقت ضائع نہیں کرنا، کوئی سُستی نہیں کرنی، صرف کام کی چیک لسٹیں نہیں بنانیں، بلکہ کام مکمل کرنا ہے۔
یہ ویڈیو بھی دیکھیں: ہارڈ ورک یا سمارٹ ورک
وہ علامات جو ظاہر کرتی ہیں کہ آپ مصروف ہیں، پیداواری نہیں
-مسلسل ملٹی ٹاسکنگ: ایک وقت میں بے ہنگم طریقے سے ایک سے زیادہ کاموں میں مصروف ہونا
-ای میلزدیکھنے میں وقت گزارنا : دن بھر بے تحاشا ای میلز چیک کرتے رہنا اور انہیں مختلف میل باکسز میں تقسیم کرتے رہنا
-معمولی نتائج والے کاموں بہت زیادہ وقت صرف کرنا: ایسے کام کرتے رہنا جن میں آپ کا وقت بہت زیادہ صرف ہو رہا ہے لیکن اس کا نتیجہ کچھ خاص برآمد نہیں ہوتا
-واضح ایجنڈا کے بغیر مسلسل میٹنگز: وہ میٹنگز جن سے کوئی خاص نتیجہ یا فیصلہ نہیں نکلتا
آپ مصروف دکھائی دینے کی بجائے نتیجہ خیز کام کیسے کر سکتے ہیں؟
-کاموں کی ترجیحات ترتیب دیں: فوری اور اہم کاموں میں فرق کرنے کے طریقے استعمال کریں۔
-واضح اہداف طے کریں: اس کی وضاحت کریں کہ آپ کیسے سمجھیں گے کہ آپ کو اپنے پروجیکٹ میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔اس کے واضح معیار اور سنگ میل طے کریں۔
-ملٹی ٹاسکنگ کو محدود کریں: بہتر معیار اور کارکردگی کے لیے ایک وقت میں ایک کام پر توجہ دیں۔
-ٹیکنالوجی کا استعمال: کام کو تیز اور مؤثر طریقے سے کرنے کے لیے پروجیکٹ مینجمنٹ ٹولز اور آٹومیشن کا استعمال کریں۔
-گہرے غور و فکر والے کام کے لیے وقت مختص کریں: گہرے غور و فکر کی ضرورت والے پیچیدہ کاموں کے لیے فوری طور پر وقت طے کریں۔
-نوٹ کریں کہ آپ کا وقت کہاں ضائع ہو رہا ہے، پھر ان کاموں سے جان چھڑائیں۔
-بڑے کاموں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں، اور ہر حصے کو ایک مقررہ وقت میں ختم کرنے کی کوشش کریں۔
حاصل کلام یہ ہے کہ سب سے زیادہ کارآمد اور پیداواری وہ لوگ ہیں جو اپنے دن کو کنٹرول میں رکھتے ہیں، نہ کہ دن ان کو کنٹرول میں لے لے۔ وہ اپنے وقت کو زیادہ سے زیادہ نتیجہ خیز بنانے کے لیے کام کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مقاصد حاصل ہوں، نہ کہ صرف مصروف نظر آنے کے لیے دن گزارا جائے۔
چاہے آپ کا جھکاؤ “مصروفیت” کی طرف ہے یا “پیداواری” ہونے کی طرف، یہ آپ کے اختیار میں ہے کہ آپ وقت کے ساتھ ساتھ خود کو کیسے بدلتے ہیں۔ ہم سب کبھی کبھی مصروف بھی نظر آتے ہیں، لیکن، ایسے میں ضروری ہے کہ ہمیں معلوم ہو کہ ہم کیا کر رہے ہیں، اپنے وقت کو نتیجہ خیز کیسے بنانا ہے، اور بامقصد زندگی کیسے گزارنی ہے۔پھر دیکھیں کہ آپ کی زندگی ہمیشہ کے لیے کیسے بدلتی ہے!
جمیل احمد
جمیل احمد تعلیم و تربیت کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ تعلیم و تربیت، کیرئیر کاؤنسلنگ، کردار سازی، تعمیر شخصیت اور سیر و سیاحت ان کے پسندیدہ موضوعات ہیں۔
2 Responses
دریا کو کوزے میں بند کیا ہے جناب.
Look busy and do nothing.
بہت شکریہ جبار صاحب